فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ شیخ محمد بن عیسیٰ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امورسمیت دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ شیخ محمد بن عیسیٰ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امورسمیت دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
راولپنڈی۔9جون (اے پی پی):آرمی چیف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اورپاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نےالگ الگ ملاقاتیں کیں ،باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔


منگل کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سےبحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نےجنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں معزز شخصیات نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس سے قبل بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اورپاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوسے بھی الگ الگ ملاقات کی۔بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کے درمیان نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ بحرینی کمانڈر نے خطے میں مشترکہ بحری سلامتی کے فروغ میں پاک بحریہ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی بحری سلامتی کے استحکام میں اہم کردار ادا کرنے والا ادارہ قرار دیا۔بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر اورپاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے درمیان ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران چیف آف ایئر سٹاف نے پاک فضائیہ کی جدیدکاری کی کوششوں پر روشنی ڈالی جن میں صلاحیتوں میں اضافہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مقامی سطح پر تیاری (انڈیجینائزیشن) اور جدید تربیتی اصلاحات شامل ہیں۔ ملاقات میں ابھرتی ہوئی دفاعی ٹیکنالوجیز جیسے ڈرونز، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، خودکار نظام، جدید سینسرز اور ڈیجیٹل جدت کے علاوہ فضائی دفاع کو درپیش نئے چیلنجز اور مربوط دفاعی نظاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بحرینی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی جدیدکاری اور مقامی دفاعی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی اور تربیت، جدید ٹیکنالوجیز اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط اور دیرپا دفاعی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے اور توقع ہے کہ اس سے دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد میں دفاعی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔








