اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں جاری سالانہ "سٹیم ایکٹوٹی ویک" کی اختتامی تقریب آج منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری برائے وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب تھے۔ مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں طلباء کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اپنے زمانۂ طالبِ علمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل باصلاحیت، محنتی اور تخلیقی …
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں جاری سالانہ "سٹیم ایکٹوٹی ویک” کی اختتامی تقریب منعقد
اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں جاری سالانہ "سٹیم ایکٹوٹی ویک” کی اختتامی تقریب آج منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری برائے وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب تھے۔ مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں طلباء کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اپنے زمانۂ طالبِ علمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل باصلاحیت، محنتی اور تخلیقی سوچ رکھنے والے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک اور ان کی پوری ٹیم کو کامیابی کے ساتھ STEM سرگرمیوں کا یادگار ہفتہ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے تعلیمی مقابلے طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اختتامی روز سائنسی مقابلوں میں ریاضی، فزکس، کیمسٹری، بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کے تحت پیش کیے گئے پروجیکٹس میں سے ججز نے بہترین پروجیکٹس کا انتخاب کیا اور انہیں اول، دوم اور سوم پوزیشنوں سے نوازا۔تقریب میں تلاوتِ قرآن پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، ملی نغمے، اردو اور انگلش تقاریر جیسے مختلف مقابلوں میں پانچ سو سے زائد طلبا و طالبات نے بھرپور حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب کے اختتام پر کامیاب طلباء و طالبات میں ڈائریکٹر ٹیسٹ ڈویلپمنٹ مرزا علی نے اعزازی سرٹیفکیٹ اور انعامی چیکس تقسیم کیے۔









