اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے سینئر افسر ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی کو گزشتہ روز بلیو ایریا اسلام آباد میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد ان کی نماز جنازہ جامع مسجد ریاض الجنہ، جی-10/4 اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں اہل خانہ، ساتھی افسران، وکلاء اور مختلف سرکاری …
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے سینئر افسر ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی سپرد خاک

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے سینئر افسر ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی کو گزشتہ روز بلیو ایریا اسلام آباد میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد ان کی نماز جنازہ جامع مسجد ریاض الجنہ، جی-10/4 اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں اہل خانہ، ساتھی افسران، وکلاء اور مختلف سرکاری اداروں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر ہائوسنگ ریاض حسین پیرزادہ نے پمز اسپتال پہنچ کر لواحقین سے تعزیت کی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر داخلہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ واقعے کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق احسان الٰہی ایک فرض شناس، دیانتدار اور محنتی افسر تھے جو پارک روڈ مارگلہ آرچرڈ ہائوسنگ سکیم سمیت کئی اہم منصوبوں پر خلوص سے کام کر رہے تھے۔ ان کی اچانک شہادت کو ادارے نے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اور تمام افسران نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کرے۔پولیس اور تحقیقاتی ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں جبکہ ہائوسنگ اتھارٹی نے کہا ہے کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔








