راولپنڈی۔ 24 دسمبر (اے پی پی):سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) رانا ساجد صفدر نے کرسمس اور قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام ہے اور قائداعظم کا یوم پیدائش ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کرسمس کی تقریبات اور قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر اس مہم کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کرسمس اور قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر راولپنڈی ڈویژن کے تمام علاقوں کو صاف ستھرا رکھا جا سکے
صفائی کے عملے کو ہدایات دی گئی ہیں کہ گرجا گھروں،کرسمس اور قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے حوالے سے تقریبات کی جگہوں پر خصوصی توجہ دی جائے، صفائی ٹیمیں دن رات متحرک ہیں اور مختلف مقامات پر جھاڑو دینے، کچرا اٹھانے اور گلیوں کو صاف کرنے کے عمل میں مصروف ہیں،تمام گرجا گھروں کے اطراف خصوصی صفائی کی جارہی ہے تاکہ کرسمس اور قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے، صفائی عملہ کچرے کی فوری اُٹھان اور اس کی بروقت تلفی کو یقینی بنا رہا ہے،عوام میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، جس میں شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔
سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر صفائی کو یقینی بنانا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں حصہ لیں اور کچرا صرف مقررہ جگہوں پر پھینکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن کو ایک ماڈل ڈویژن بنایا جائے گا۔شہریوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کاوشوں کو سراہا اور صفائی کے بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کرسمس اور قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کرنے والے لوگوں نے صفائی کے حوالے سے آر ڈبلیو ایم سی کی خدمات کو خوش آئند قرار دیا،یہ اقدامات راولپنڈی کو صاف ستھرا اور خوبصورت رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہیں، جو کرسمس کے موقع پر بھائی چارے اور صفائی کے پیغام کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔