قائداعظم یونیورسٹی اور یو این ایچ سی آر کے درمیان پناہ گزین قانون و ہجرت کے شعبوں میں تعاون کا معاہدہ

قائداعظم یونیورسٹی اور یو این ایچ سی آر کے درمیان پناہ گزین قانون و ہجرت کے شعبوں میں تعاون کا معاہدہ

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی کے سکول آف لا اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے اشتراک سے عالمی یومِ پناہ گزین کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں پناہ گزین قانون، ہجرت، شہریت سے محرومی اور جبری نقل مکانی کے شعبوں میں تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے تعاون کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت یو این ایچ سی آر اور قائداعظم یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی تحقیق، نصاب کی تیاری، تربیتی پروگراموں، آگاہی مہمات اور پاکستان اکیڈمک کنسورشیم آن ریفیوجی لا اینڈ مائیگریشن (پی اے سی آر اے ایم) کی سرگرمیوں میں باقاعدہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ سکول آف لا اس کنسورشیم کے رابطہ کار ادارے اور سیکریٹریٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔

تعاون کے فریم ورک معاہدے پر یو این ایچ سی آر پاکستان کے ڈپٹی نمائندے اور قائم مقام سربراہ آسکر مینوئل اور قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے دستخط کیے۔تقریب میں حکومت پاکستان کے چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین عصمت اللہ شاہ، پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر ، یو این ایچ سی آر پاکستان کے ڈپٹی نمائندے اور قائم مقام سربراہ آسکر مینوئل، قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال، سکول آف لا کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حافظ عزیز الرحمٰن اور قائداعظم یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر سلمیٰ ملک سمیت اساتذہ، محققین، طلبہ اور شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مقررین نے اس موقع پر پناہ گزینوں اور بے وطن افراد سے متعلق قانونی اور سماجی امور پر تحقیق، تعلیم اور پالیسی سازی میں جامعات کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان تعاون سے پناہ گزینوں اور جبری نقل مکانی سے متاثرہ افراد کے مسائل کے مؤثر حل اور پائیدار پالیسیوں کی تشکیل میں مدد ملے گی۔