اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی ایلومنائی فائونڈرز گروپ کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا اہتمام کیا ، یونیورسٹی کے سابق طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیئے اور پندرہ اپریل کو ہونے والے یونیورسٹی ایلومنائی الیکشن میں فائونڈرز گروپ کو بھرپور کامیاب کرانے کے یقین دہانی کرا دی ۔قائداعظم یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں فائونڈرز گروپ کے مرکزی عہدیداران نے شرکت کی ۔
فائونڈرز گروپ کے جوائنٹ سیکرٹری وجاہت لطیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائونڈرز گروپ کی تاریخ خدمت اور کارکردگی سے بھرپور ہے۔ یونیورسٹی کی ڈویلپمنٹ ، طلباو طالبات کے لئے سکالر شپس، ویلفیئر ،سپورٹس تقریبات ، میڈیکل سہولیات سمیت دیگر شعبوں میں فائونڈرز گروپ کی کارکردگی مثالی ہے ،یونیورسٹی انتظامیہ نے جب بھی فائونڈرز گروپ کو یونیورسٹی کی بہتری کے لئے کال دی ہم نے لبیک کہا ۔
انہوں نے قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ایک امانت ہے اور جنہوں نے یونیورسٹی اور طلبا و طالبات کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں انہیں ووٹ دیکر کامیاب کرائیں، ہمارا منشور سب کے سامنے ہے ہم کامیاب ہوکر یونیورسٹی کی بہتری کے لئے مزید اقدامات اٹھائیں گے اور یونیورسٹی میں جاب فیئر کا انعقاد کریں گے تاکہ ہم گریجویٹس کو موقع پر نوکریاں دلوا سکیں ۔ انہں نے کہا کہ اس کے علاوہ کیریئر کونسل کوفعال کریں گے اور طلبا کی رہنمائی، انٹر شپ، سکالرشپس ، بیرون ممالک تعلیم کے مواقع دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ موسم بہار کے دوران یونیورسٹی آف لاہور کے تعاون سے قائداعظم یونیورسٹی میں پچاس ہزار سے ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ تقریب کے دوران شاعرہ ماہین ملک نے سرائیکی اور اردو میں اشعار سنا کر جبکہ منصور اور جانداد شاہ نے رباب کی دھنیں پیش کرکے خوب داد سمیٹی ۔ فائونڈرز گروپ کے جنرل سیکرٹری مرتضی نور نے فائونڈرز گروپ کے پینل کا تعارف پیش کیا اور کہا کہ فائونڈرز گروپ نے سنہ 2000 میں خدمت کا سفر شروع کیا اور 4.5 ملین روپے کے موسیقی آلات طلبا و طالبات کے لئے فراہم کئے جبکہ 5.6 ملین روپے سے ایک پراجیکٹ مکمل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے بوائز اور گرلز ہاسٹلز میں معیاری واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کرائی جس سے طلبا و طالبات کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکی ، طلبا کے لئے الیکٹرک بائیکس ،سکالرشپس سمیت بیسوں اقدامات اٹھائے جبکہ سال بھر ملک میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی اراضی پر قبضہ کے خلاف بھی ہم نے انتظامیہ کے ساتھ ملکر تحریک چلائی ۔ انہوں نے بتایا کہ پندرہ اپریل کو یونیورسٹی ایلومنائی کے الیکشن کے لئے ہم نے اپنا منشور جاری کیا ہے اور ہم طلبا و طالبات کو پانچ سو ملین کی دو سو سکالر شپس دیں گے ، 200ملین کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کریں گے،
قائدین کلب کی تشکیل کی جائیگی جس میں تیس کمروں کا گیسٹ روم اور ملٹی پرپز ہال بنایا جائے گا ۔ پلے ایریا اور فیکلٹی لائونچ بنائیں گے جبکہ قائدین کارڈ بھی بنائیں گے جس پر قائدین کو صحت اور تفریح سے متعلقہ معیاری آئوٹ لٹس پر 30 سے 50 فیصد رعایت دلوائیں گے۔ انہوں نے منشور کے دیگر چیدہ چیدہ نکات بھی بتائے ۔ تقریب میں قائداعظم یونیورسٹی کے پہلے بیچ میں پڑھنے والے طالبعلم بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر قائدین نے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔