قائداعظم یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کے تحت اسلام آباد کے کالجز میں متعارف کرائے گئے بی ایس ڈگری پروگرام ایچ ای سی کے ضوابط کے مطابق چلائے جا رہے ہیں، وجیہہ قمر

وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کے تحت اسلام آباد کے کالجز میں متعارف کرائے گئے بی ایس ڈگری پروگرامز ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ضوابط کے مطابق چلائے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کے تحت اسلام آباد کے کالجز میں متعارف کرائے گئے بی ایس ڈگری پروگرامز ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ضوابط کے مطابق چلائے جا رہے ہیں۔جمعہ کوقومی اسمبلی میں اسلام آباد کے کالجز میں بی ایس پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلبا کو درپیش مشکلات سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اور انتظامی انتظامات ایچ ای سی کی ہدایات اور یونیورسٹی کے معیار کے مطابق ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے اندر کوئی ایسے قواعد نہیں ہیں جو ایچ ای سی کی ضروریات یا قائد اعظم یونیورسٹی کے مقرر کردہ معیار کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔وزیر مملکت نے وضاحت کی کہ الحاق دینے سے پہلے ایچ ای سی کے ایکریڈیٹیشن فریم ورک کے تحت اداروں کا جامع جائزہ لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جائزے میں فیکلٹی کی تعداد، تعلیمی گورننس، کلاس روم کی سہولیات اور کوالٹی ایشورنس سسٹم کا احاطہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمل کے دوران ایک مقررہ چیک لسٹ پر عمل کیا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ادارے متعلقہ الحاق پالیسی کے تحت منظوری سے پہلے مطلوبہ معیار پورا کرتے ہیں۔

مزید خبریں