راولپنڈی۔24نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے نویں اور آخری راؤنڈ کے دوسرے دن اسلام آباد کے روحیل نذیر نے 207 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔فاٹا کے سلمان خان اور فیصل آباد کے اویس ظفر نے سنچریاں اسکور کیں، ملتان کے علی عثمان نے چھ جبکہ سیالکوٹ کے حمزہ نذر، لاہور وائٹس کے نعمان علی اور فیصل آباد کے احمد صفی عبداللہ نے پانچ ، پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ …
قائد اعظم ٹرافی کے نویں اور آخری راؤنڈ کے دوسرے دن اسلام آباد کے روحیل نذیر نے 207 رنز کی دلکش اننگز کھیلی

مزید خبریں
راولپنڈی۔24نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے نویں اور آخری راؤنڈ کے دوسرے دن اسلام آباد کے روحیل نذیر نے 207 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔فاٹا کے سلمان خان اور فیصل آباد کے اویس ظفر نے سنچریاں اسکور کیں، ملتان کے علی عثمان نے چھ جبکہ سیالکوٹ کے حمزہ نذر، لاہور وائٹس کے نعمان علی اور فیصل آباد کے احمد صفی عبداللہ نے پانچ ، پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شعیب اختر اسٹیڈیم میں چار روزہ میچ کے دوسرے روز کراچی بلوز کی ٹیم سیالکوٹ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، شان مسعود 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حمزہ نذر نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سیالکوٹ نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنا لیے، حمزہ نذر 59 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، کاشف بھٹی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاٹا کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سلمان خان نے شاندار 104 رنز کی اننگز کھیلی۔
لاہور وائٹس کی جانب سے نعمان علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں لاہور وائٹس نے 4 وکٹوں پر 144 رنز بنا لیے۔ علی زریاب 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، چاروں وکٹیں آصف آفریدی نے حاصل کیں۔ فیصل آباد کی ٹیم بہاولپور کے خلاف پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اویس ظفر نے 140 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، عمران رندھاوا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوابی اننگز میں بہاولپور کی ٹیم 188 رنز پر ڈھیر ہو گئی، محمد عمار 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، فیصل آباد کے احمد صفی عبداللہ نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔ اسلام آباد کی ٹیم پشاور کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 563 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، روحیل نذیر نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی،انہوں نے 26 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 207 رنز بنائے۔ ارسل شیخ نے بھی 91 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ساجد خان اور محمد عرفان نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور نے اپنی پہلی اننگز میں کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں پر 81 رنز بنائے تھے۔ ملتان نے ایبٹ آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز 542 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ ذیشان اشرف 94 اور عامر یامین 75 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ منصور علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ایبٹ آباد کی پوری ٹیم 159 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد عارف نے 61 رنز بنائے۔ علی عثمان نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد ایبٹ آباد نے بغیر نقصان کے 8 رنز بنائے تھے۔








