قائد اعظم ڈے کے موقع پرفیصل آباد میں آل پنجاب میراتھن سپورٹس ریس کا انعقاد، پنجاب بھر کے اتھلیٹس کی شرکت

فیصل آباد۔25دسمبر (اے پی پی):لائلپور اتھلیٹک کلب و ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد اور ٹیوٹاموٹرز کمپنی کے اشتراک سے جمعہ کو قائد اعظم ڈے کے موقع پرآل پنجاب میراتھن سپورٹس ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب بھر کے اتھلیٹس نے شرکت کی جبکہ میراتھن ریس گٹ والا سے شروع ہوکردس کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے ہاکی سٹیڈیم مدینہ ٹاؤن پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی نیز ہاکی …

فیصل آباد۔25دسمبر (اے پی پی):لائلپور اتھلیٹک کلب و ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد اور ٹیوٹاموٹرز کمپنی کے اشتراک سے جمعہ کو قائد اعظم ڈے کے موقع پرآل پنجاب میراتھن سپورٹس ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب بھر کے اتھلیٹس نے شرکت کی جبکہ میراتھن ریس گٹ والا سے شروع ہوکردس کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے ہاکی سٹیڈیم مدینہ ٹاؤن پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی نیز ہاکی سٹیڈیم میں ایک تقریب کے دوران مذکورہ میراتھن ریس میں اول، دوم اور سوم آنے والے کھلاڑیوں میں پرکشش انعامات بھی تقسیم کئے گئے اور اس موقع پر مسیحی بھائیوں کی کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہونے کیلئے کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔مذکورہ پروقار تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری لیبر میاں شکیل شاہد اور وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد تھے جنہوں نے ریس میں اول آنے والے چیچہ وطنی کے ریسر و اتھلیٹ محمد انیس کو موٹر سائیکل، دوسرے نمبر پرآنیوالے فیصل آباد کے ریسرعاطف بلال کو بیس ہزار اور تیسرے نمبر پر آنیوالے فیصل آبادکے اتھلیٹ و ریسر وقاص علی کو 15000 کے کیش انعامات سے نوازا جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے دیگر کھلاڑیوں میں بھی دس دس ہزار روپے کے کیش انعامات تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر مہمانان اعزاز ایڈیشنل کمشنر فیصل آباد محمد ایوب، ڈویژنل سپورٹس آفیسر، لائل پور اتھلیٹک کلب کے چیئرمین میاں عاطف، پروفیسر چودھری عبد الغنی، محمد شاہد فیصل آباد کوہستان والے، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فیصل آباد شاہدہ لطیف ودیگربھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری لیبر میاں شکیل شاہد نے کہا کہ ہمارے ملک کی تقریباً بائیس کروڑ کے لگ بھگ آبادی ہے مگر اس میں سپورٹس نہ ہونے کے برابر ہیں اسلئے سپورٹس کو مزید فروغ دینے کیلئے آئندہ آنیوالے دو تین ماہ میں ان کی اور پنجاب حکومت کی طرف سے کھیلوں کے فروغ کیلئے نمایاں اقدانات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اقلیتوں کے بارے میں کہاکہ سپورٹس میں سیاست یا مذہب نہیں آنا چاہیے تب جاکر ہی سپورٹس میں کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر سے مخاطب ہو کر کہاکہ انہیں کھیلوں کے فروغ کیلئے جس قسم کی معاونت کی ضرورت ہو وہ سپورٹس کے حوالے سے پوری کی جائے گی۔انہوں نے اس موقع پر مسیحی بھائیوں کو بھی کرسمس کی مبارکباد دی اور سب مہمانان کے ساتھ مل کربانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی سالگرہ اور کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔