قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹیرینز، ایوان بالا کے اعلیٰ حکام، قبائلی عمائدین، سینئر صحافیوں اور اہل علاقہ کی ممتاز شخصیات کی ملاقاتیں

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سید ال خان سے پارلیمنٹیرینز، ایوان بالا کے اعلیٰ حکام، قبائلی عمائدین، سینئر صحافیوں اور اہلِ علاقہ کی ممتاز شخصیات نے ان کی رہائش پر ملاقات کی اور انہیں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران معزز مہمانوں نے سیدال خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی درازی عمر، صحت و تندرستی اور مزید کامیابیوں کے …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سید ال خان سے پارلیمنٹیرینز، ایوان بالا کے اعلیٰ حکام، قبائلی عمائدین، سینئر صحافیوں اور اہلِ علاقہ کی ممتاز شخصیات نے ان کی رہائش پر ملاقات کی اور انہیں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران معزز مہمانوں نے سیدال خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی درازی عمر، صحت و تندرستی اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ملاقات کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمرہ کی سعادت ایک روحانی اعزاز ہے جس پر وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، امن اور خوشحالی سے نوازے اور پوری قوم کو اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبے سے سرشار رکھے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان خوش قسمت ممالک میں سے ہے جو قدرتی وسائل، معدنیات،انسانی صلاحیتوں اور مہارتوں سے مالا مال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت سے ادا کریں اور قومی مفاد کو ہمیشہ ترجیح دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان پوری سنجیدگی کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے عوام، حکومت اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔