قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے قریب کار بم دھماکے میں کم از کم 10 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے ملک …

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے قریب کار بم دھماکے میں کم از کم 10 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے ملک کے امن و استحکام کو متزلزل کرنے کی ناکام سازشیں ہیں جنہیں قوم کے اتحاد، حوصلے اور بہادری سے ناکام بنایا جائے گا۔

سیدال خان نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت نے ہزاروں معصوم جانوں کو نشانہ بنایا ہے لیکن پاکستانی قوم نے ہمیشہ ثابت قدمی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی اپنی سرزمین سے اس ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے گھنائونے حملے ملک دشمن عناصر کی سازش ہیں جو پاکستان کو کمزور دیکھنا چاہتے ہیں مگر دشمنوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ پوری قوم، افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارے یک زبان اور یکجا ہیں۔

انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد اور مکمل صحت یابی نصیب کرے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی پر ثابت قدم ہے اور اس کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔