قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان کو اجاگر کرنے کیلئے تفصیلی دستاویزی فلم جاری

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):قازقستان کے صدر قاسِم جومارت توکائیف کے 3 اور 4 فروری 2026 کو پاکستان کے تاریخی سرکاری دورے کو اجاگر کرنے کے لیے قازقستان کے صدارتی ٹی وی اینڈ ریڈیو کمپلیکس کی جانب سے ایک تفصیلی دستاویزی فلم جاری کی گئی ہے، جس کا عنوان ’’قازقستان–پاکستان اسٹریٹجک پارٹنرشپ: دوطرفہ تعلقات میں ایک نیا بلند مقام‘‘ رکھا گیا ہے۔ یہ 23 برس بعد کسی قازق سربراہِ مملکت …

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):قازقستان کے صدر قاسِم جومارت توکائیف کے 3 اور 4 فروری 2026 کو پاکستان کے تاریخی سرکاری دورے کو اجاگر کرنے کے لیے قازقستان کے صدارتی ٹی وی اینڈ ریڈیو کمپلیکس کی جانب سے ایک تفصیلی دستاویزی فلم جاری کی گئی ہے، جس کا عنوان ’’قازقستان–پاکستان اسٹریٹجک پارٹنرشپ: دوطرفہ تعلقات میں ایک نیا بلند مقام‘‘ رکھا گیا ہے۔ یہ 23 برس بعد کسی قازق سربراہِ مملکت کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے۔

دستاویزی فلم انسٹاگرام، ٹیلی گرام، ٹک ٹاک، فیس بک اور قازانفارم سمیت قازقستان کے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر جاری کی گئی ہے اور اسے پاکستان اور قازقستان دونوں کی جانب سے مشترکہ طور پر پروموٹ کیا جا رہا ہے۔ فلم میں صدر توکائیف کے دورۂ پاکستان کے مختلف اہم لمحات کو نمایاں کیا گیا ہے، جن میں ان کے خصوصی طیارے کی پاکستانی فضائی حدود میں آمد کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے چھ جنگی طیاروں کی جانب سے دی گئی حفاظتی اسکارٹ بھی شامل ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور احترام کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

دستاویزی فلم میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے نور خان ائیر بیس پر استقبال اور بعدازاں دونوں رہنمائوں سے ملاقاتوں سمیت اعلیٰ سطحی مذاکرات کے مناظر کے علاوہ پسِ منظر کی سرگرمیاں بھی دکھائی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلقات کو باضابطہ طور پر اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے درجے تک لے جایا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور سیاسی، سلامتی، دفاع، تجارت، ٹرانسپورٹ، تعلیم، سائنس، ثقافت، موسمیاتی تبدیلی اور بین الاقوامی امور سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔قازقستان کے صدر نے دورے کے دوران ایوان وزیر اعظم میں پودا لگایا اور وہاں انہیں سلامی بھی دی گئی۔دستاویزی فلم میں اس موقع کو بھی دکھایا گیا ہے جب صدر قاسِم جومارت توکائیف کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان عطا کیا گیا۔ فلم کے مطابق یہ اعزاز پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ان کی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے اور مضبوط دور کے آغاز کی علامت ہے۔

 

مزید خبریں