قرار داد پاکستان کی طرح قرارداد ترقی پاکستان وقت کی ضرورت ہے، مریم نوازکا یوم پاکستان پر پیغام

120
قرار داد پاکستان کی طرح قرارداد ترقی پاکستان وقت کی ضرورت ہے، مریم نوازکا یوم پاکستان پر پیغام

لاہور۔23مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ یوم پاکستان دھرتی سے عہد الفت کی تجدید کادن ہے، تعمیر پاکستان کے لئے آج بھی تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے، قوم قرارداد پاکستان منظور کرنے والے مسلم لیگی عمائدین کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

وزیر اعلی نے یوم پاکستان پراپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ تحریک آزادی اور شہداء تحریک پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے، قرار داد پاکستان کی طرح آج قرارداد ترقی پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ نے قیام پاکستان کی جدوجہد کی اور مسلم لیگ نوازکی قیادت میں تعمیر پاکستان کی قرارداد پر عمل پیرا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ آج ہم سب کو دہشت گردی، کرپشن، غربت اور بے روزگاری کیخلاف قرارداد منظور کرنی ہے، حکومت کو عوام کی خدمت اورعوام کو ذمہ دارشہری بننے کی قرارداد منظور کرنی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں ماحول صاف رکھنے،پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوبصورت بنانے کی قرارداد بھی منظور کرنی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان کے استحکام اور ترقی کی کے لیے کام کام اور کام کی قرارداد کو اپنانا ہے،اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ ہمیں پاکستان کے عظیم بانیان کے نقش قدم پرچلنے کی توفیق عطا فرمائے،پاکستان پائندہ باد۔