قطر نے اپنی سمندری حدود میں جہاز رانی عارضی طور پر معطل کر دی

قطر نے عوامی تحفظ کے پیش نظر اپنی سمندری حدود میں بیشتر جہازوں کے لیے جہازرانی اور تمام بحری سرگرمیاں تا حکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوحہ۔13جولائی (اے پی پی):قطر نے عوامی تحفظ کے پیش نظر اپنی سمندری حدود میں بیشتر جہازوں کے لیے جہازرانی اور تمام بحری سرگرمیاں تا حکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق قطر کی وزارتِ نقل و حمل نے گزشتہ روز بیان میں بحری جہازوں کے مالکان اور دیگر تمام بحری جہازوں بشمول تفریحی و ماہی گیر کشتیوں، جیٹ سکیئنگ کرنے والی کشتیوں کے استعمال کنندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ عارضی طور پر جہازرانی اور تمام بحری سرگرمیاں معطل کر دیں۔ تاہم وہ جہاز مستثنیٰ ہیں جو بین الاقوامی سمندری کنونشنز کے تابع ہیں اور قابلِ اطلاق ضوابط اور طریقہ کار کے مطابق کام کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ احتیاطی تدابیر متعلقہ سکیورٹی حکام کے ساتھ مل کر کی گئی ہیں اور عوام کو ہدایت کی تعمیل کرنے کی تاکید کی جاتی ہے۔ قطر نے قبل ازیں علاقائی سلامتی کی پیش رفت کے درمیان عائد کردہ عارضی معطلی کے بعد سمندری سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی تھیں ۔