قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی عیدالاضحی کے موقع پر کانگو بخار کے ممکنہ خد شے کے پیش نظر اس کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق ایڈوائزری جاری ، کانگو ہیمرجک بخار(کانگو بخار) خطرناک قسم کے وائرس سے پھیلتا ہے،

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی)قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے عیدالاضحی کے موقع پر کانگو بخار کے ممکنہ خد شے کے پیش نظر اس کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے، کانگو ہیمرجک بخار (سی سی ایچ ایف) جسے مختصراً کانگو بخار کہا جاتا ہے ایک خطرناک قسم کے وائرس سے پھیلتا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق عیدالاضحی سے قبل قربانی کے جانوروں …

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی)قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے عیدالاضحی کے موقع پر کانگو بخار کے ممکنہ خد شے کے پیش نظر اس کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے، کانگو ہیمرجک بخار (سی سی ایچ ایف) جسے مختصراً کانگو بخار کہا جاتا ہے ایک خطرناک قسم کے وائرس سے پھیلتا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق عیدالاضحی سے قبل قربانی کے جانوروں کی نقل و حرکت میں اضافے کی وجہ سے کانگو بخار کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔ مویشی منڈیوں میں ہجوم اور جانوروں سے براہ راست رابطے کی وجہ سے کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ جانے کا امکان ہے۔ اس ایڈوائزری کا مقصد انسانوں اور جانوروں کی صحت سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کرنا ہے تاکہ کانگو بخاراور کووڈ۔19 کی روک تھام اور کنٹرول کے لئے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ایڈوائزری کے مطابق فی الحال کانگو بخار کی ویکسین دستیاب نہیں ہے لہذا عام افراد کو بیماری سے بچاؤ اور اس کے کنٹرول کے لئے مندرجہ ذیل ہدایات پر توجہ دینی چاہئیے:۔ مویشی منڈیوں کے دورے کے دوران ، مکمل آستین اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔ دستانے، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرز کا استعمال کریں اور دوسروں سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھیں۔ عید کے موقع پر بڑے خاندانی اجتماع اور جانوروں کی قربانی سمیت تمام بھیڑ والے مقامات سے پرہیز کریں۔ جانوروں کو ہاتھ لگانے کے بعد یا خون سے آلودہ ہاتھوں کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔ اس ایڈوائزری کے علاوہ قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے موسمی بیماریوں سے آگاہی کے حوالے سے اپنا 48 واں سہ ماہی انتباہی مراسلہ بھی جاری کیا ہے جس میں موسم گرما اورمون سون میں ہونے والی متوقع وبائی امراض سے متعلق متنبہ کیا گیا ہے۔اس مراسلے کو شائع کرنے کا اصل مقصد وبائی امراض پھیلنے سے قبل وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکمہ صحت کے حکام اور ماہرین کو خبردار کرنا اورامراض پھیلنے کی صورت میں بروقت نمٹنے کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ان امراض سے ہونے والی اموات میں کمی کی جا سکے۔ قومی ادارہ صحت نے اس مراسلے میں موسم گرما اورمون سون میں ہونے والی متوقع وبائی بیماریوں جیسے اسہال، کوویڈ۔ 19، کانگو بخار، ڈینگی بخار، لیشمینیا، ملیریا، خسرہ، پولیواور ٹائیفائیڈ کے بارے میں صحت کے حکام اور متعلقہ اداروں کواحتیاطی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ہے اور صحت عامہ سے متعلقہ اداروں کو موسمی خطرات پر مسلسل نظر رکھنے اور تمام ممکنہ اقدامات لینے کی نصیحت بھی کی ہے۔یہ مراسلہ اورکانگو بخار سے متعلقہ ایڈوائزری قومی ادارہ صحت کی ویب سائیٹ www.nih.org.pk پر بھی دستیاب ہے۔