قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور و منشیات کنٹرول کا اجلاس،متعدد قانونی امور پر غور

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور و منشیات کنٹرول نے اینٹی ٹیرر ازم(ترمیمی) بل 2024 (سیکشن 11EEEE) میں ترمیم کے بعد منظوری کی سفارش کر دی، کریمنل لاء (ترمیمی) بل 2024 (سیکشن 498AA)کو بل کی محرک رکن قومی اسمبلی صوفیہ سعید شاہ کی عدم موجود گی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قائمہ کمیٹی کا …

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور و منشیات کنٹرول نے اینٹی ٹیرر ازم(ترمیمی) بل 2024 (سیکشن 11EEEE) میں ترمیم کے بعد منظوری کی سفارش کر دی، کریمنل لاء (ترمیمی) بل 2024 (سیکشن 498AA)کو بل کی محرک رکن قومی اسمبلی صوفیہ سعید شاہ کی عدم موجود گی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قائمہ کمیٹی کا پندرہواں اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت قائمہ کمیٹی کے چیئرمین راجہ خرم شہزاد نواز نے کی۔ کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاس (9 جولائی 2025) کی سفارشات کی منظوری دی اور سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے متعدد قانونی امور پر غور کیا جن میں سرکاری اور پرائیوٹ ممبرز کے بلز شامل تھے۔ تفصیلی بحث کے بعد کمیٹی نے "اینٹی ٹیرر ازم (ترمیمی) بل 2024” (سیکشن 11EEEE) میں ترمیم کے بعد منظوری کی سفارش کردی۔ کریمنل لاء (ترمیمی) بل 2024 (سیکشن 498AA)جو کہ رکن قومی اسمبلی صوفیہ سعید شاہ نے پیش کیا تھا، کو ان کی غیر حاضری کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ شرمیلہ فاروقی کی طرف سے پیش کردہ دی کوڈ آف کریمنل پروسیجر (ترمیمی) بل 2024 (شیڈول-II) پر غور کرتے ہوئے کمیٹی نے اسے "قابل ضمانت” سے "نا قابل ضمانت” قرار دینے کی سفارش کی۔ اسی طرح کوروسیو سبسٹنسز اسالٹ (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) بل 2024 کو اگلے اجلاس کے لیے ملتوی کر دیا گیا

جبکہ وزارت قانون و انصاف کو مزید وضاحت کے لیے بل پیش کنندہ رکن کے ساتھ رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ممبر انجینئرنگ نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں خاص طور پر جگیوٹ روڈ اور سکندر اعظم روڈ کی خستہ حالت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے لیے سی ڈی اے نے 10 ارب روپے خود مختار بنیادوں پر مختص کیے ہیں۔ جگیوٹ روڈ پر کام ستمبر 2025 تک مکمل ہو جائے گا جبکہ سکندر اعظم روڈ کا 70 فیصد بنیادی کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی 30 فیصد کام بھی اسی عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ایم این اے نزہت صادق نے اطمینان کا اظہار کیا۔ قومی اسمبلی کی رکن نزہت صادق جنہوں نے توجہ دلائو نوٹس پیش کیا تھا، نے سڑکوں کی تاخیر سے تعمیر کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا تاہم انہوں نے سی ڈی اے کی بریفنگ اور پیشرفت سے اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی کو اس معاملے کو ختم کرنے کی سفارش کی۔ ایف-10 اور ایف-11 کے پارکوں کی صفائی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اجلاس کے دوران ایک رکن نے اسلام آباد کے ایف-10 اور ایف-11 کے پارکوں میں صفائی اور عوامی سہولیات کے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ عوامی مسائل کو منصفانہ اور جامع انداز میں حل کیا جائے گا۔ کمیٹی نے سی ڈی اے کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان علاقوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ اجلاس میں موجود اراکین اور افسران کی میں ایم این اے انجم عقیل خان، چوہدری ناصر احمد عباس، ملک شاکر بشیر اعوان، سید رفیع اللہ، حاجی جمال شاہ کاکڑ، سردار نبیل احمد گبول، عبدالقادر پٹیل، خواجہ اظہر الحسن، محمد اعجاز الحق، شرمیلہ فاروقی ہاشم اور نزہت صادق نے شرکت کی۔ وزارت داخلہ، وزارت قانون و انصاف اور سی ڈی اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔