قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا دسواں اجلاس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دستور روم اسلام آباد میں منعقد ہوا،جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے کی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا دسواں اجلاس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دستور روم اسلام آباد میں منعقد ہوا،جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کے منٹس کی منظوری دی اور گزشتہ اجلاس میں دی گئی سفارشات پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیا۔کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ نیشنل لائبریری آف پاکستان (این ایل پی) سے متعلق سفارشات پر عمل درآمد کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات بہتر بنائے گئے ہیں۔
لائبریری میں 4 واٹر کولر، 52 لاکرز اور 16 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ ڈیجیٹل ممبرشپ انٹرفیس کا ابتدائی قابل استعمال ماڈل (ایم وی پی) بھی تیار کر لیا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ نیشنل لائبریری میں رضاکارانہ سی ایس ایس رہنمائی پروگرام کا آغاز رواں سال یکم اکتوبر کو موجودہ وسائل کے اندر کیا گیا۔ پروگرام میں شرکا کی حاضری کی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ اس کی افادیت اور اثرات کا جائزہ لینے کے لیے وقتاً فوقتاً تجزیے بھی کیے جائیں گے۔کمیٹی کو ثقافتی نوادرات کی غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام، ان کی مستند شناخت کے لیے تکنیکی صلاحیت اور گزشتہ پانچ سال کے دوران بیرون ملک سے نوادرات کی واپسی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ جوائنٹ سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن نے بتایا کہ ثقافتی املاک کی غیر قانونی تجارت روکنے کے لیے احتیاطی اور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کے طریقہ کار وضع کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مستند ماہرین کے ذریعے نوادرات کی تصدیق کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران برطانیہ، امریکا، اٹلی اور فرانس سے مجموعی طور پر 1,258 نوادرات واپس پاکستان لائے گئے ہیں۔کمیٹی نے ہدایت کی کہ نیشنل لائبریری کی تمام لفٹوں کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹ ایک ماہ کے اندر پیش کی جائے۔
مزید برآں نیشنل لائبریری آف پاکستان کو ہر اجلاس کے ایجنڈے میں مستقل طور پر شامل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔بعد ازاں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے شکرپڑیاں میں اضافی 5.09 ایکڑ اراضی کی منتقلی اور نیشنل میوزیم سمیت 6.790 ملین امریکی ڈالر کی کوریائی مالی معاونت سے قائم ہونے والے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبوں میں تاخیر کی وجوہات پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مطلوبہ اراضی کی قیمت اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے باوجود منصوبوں کی راہ میں مختلف رکاوٹیں موجود ہیں۔انہوں نے آگاہ کیا کہ 24 ستمبر 2026 کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں وفاقی دارالحکومت میں نیشنل میوزیم آف پاکستان اور ایک مربوط میوزیم کمپلیکس کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات نے کی جبکہ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ کمپلیکس میں مختلف قومی اداروں کو ایک ہی مقام پر یکجا کیا جائے گا جن میں نیشنل میوزیم آف پاکستان، نیشنل ہسٹری میوزیم، اسلامی میوزیم، پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے عجائب گھر اور کورین ریسرچ سینٹر شامل ہوں گے۔چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے مالپور میں 160 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے تاہم اس کی منظوری، الاٹمنٹ اور باقاعدہ حوالگی کا عمل ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ شکرپڑیاں میں پہلے تجویز کردہ 8.33 ایکڑ اراضی جو محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر (ڈی او اے ایم) پہلے ہی حاصل کر چکا تھا کو اس لیے منصوبے سے خارج کر دیا گیا ہے کیونکہ یہ علاقہ شکرپڑیاں نیشنل پارک کی حدود میں واقع ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ نیشنل میوزیم کا ابتدائی تصور اور منصوبہ بندی کمپلیکس کے ڈیزائن کے لیے سی ڈی اے کی جانب سے مقرر کردہ کنسلٹنٹ کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہے۔ ڈیزائن پر کام جاری ہے اور انہوں نے کمیٹی کے ارکان کو ذاتی طور پر اس کا ڈیزائن دکھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرپرسن اور کمیٹی کے ارکان نے یوم اقبال کی تقریبات کے انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ارکان نے نشاندہی کی کہ کمیٹی نے گزشتہ دو اجلاسوں میں یوم اقبال کے حوالے سے متعدد ہدایات جاری کی تھیں تاہم ان پر عمل درآمد میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوا۔کمیٹی نے سفارش کی کہ یوم اقبال پر عام تعطیل کی بجائے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو تقریری مقابلوں اور کوئز جیسے تعلیمی و فکری پروگراموں میں شامل کیا جائے تاکہ وہ علامہ محمد اقبال کے افکار، فلسفے اور تعلیمات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ یوم اقبال کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ تقریبات اور پروگرام منعقد کیے جائیں اور اس سلسلے میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کو بھی شامل کیا جائے۔اجلاس میں اراکینِ قومی اسمبلی غزالہ انجم، سعیدہ جمشید، شائستہ خان، ماہتاب اکبر راشدی، سائرہ تارڑ، نعیمہ کشور خان، محمد طفیل اور شہناز سلیم ملک (آن لائن) نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے، جوائنٹ سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور ڈویژن کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔







