گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت اجلاس، پولیس پیکج میں اضافے کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پولیس کے سکیورٹی چیلنج الائونس سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا،جس میں پولیس پیکج میں اضافے کی تجاویز اور اس پر آنے والے سالانہ مالی اخراجات سے متعلق بریفنگ دی گئی

پشاور۔ 11 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پولیس کے سکیورٹی چیلنج الائونس سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا،جس میں پولیس پیکج میں اضافے کی تجاویز اور اس پر آنے والے سالانہ مالی اخراجات سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ ترجمان گورنر ہائوس پشاورکے مطابق اجلاس میں مشیرِ خزانہ خیبرپختونخوا طارق محمود پاشا، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، سیکرٹری خزانہ ایاز خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر صوبوں کی پولیس کی تنخواہوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے مجوزہ پیکج کی تیاری کا عمل تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ اور حساس علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو مجوزہ پیکج میں ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو درپیش مسائل کے حل اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود اور انہیں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام سے متعلق پیشرفت کو یقینی بنایا جائے۔