وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور تکنیکی تبدیلی کی اس لہر میں پاکستان کی سماجی و معاشی بقا، ثقافتی شناخت اور قومی سلامتی کا تحفظ خودمختار ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں۔
ایک ارب ڈالر فنڈ، 10 ہزار آرٹیفشل انٹیلی جنس پی ایچ ڈیز، 10 لاکھ نوجوانوں کی ٹریننگ اور 7 TBPS کیپیسٹی کا ہدف، پاکستان نے سائبر جنگ میں اپنی صلاحیت ثابت کر دی، شزا فاطمہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور تکنیکی تبدیلی کی اس لہر میں پاکستان کی سماجی و معاشی بقا، ثقافتی شناخت اور قومی سلامتی کا تحفظ خودمختار ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں۔ حکومت نے اگلے 5 سال میں 10 ہزار اے آئی پی ایچ ڈیز تیار کرنے، 10 لاکھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سکھانے اور 1 ارب ڈالر کے فنڈ سے ملکی تاریخ کا پہلا خودمختار اے آئی انفراسٹرکچر (7-Layered AI Stack) بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔بدھ کو اسلام آباد میں اپری کے زیرِ اہتمام منعقدہ مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ‘‘ اور ’’پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی‘‘کے قیام کا بنیادی مقصد ملک بھر کے معاشی شعبوں کو پیپر لیس بنانا، 20 لاکھ سے زائد شہریوں کو محفوظ ڈیجیٹل شناخت فراہم کرنا اور مالیاتی نظام کو ’’راست‘‘کے ساتھ انٹیگریٹ کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی فورمز پر گلوبل ساؤتھ کے لیے اوپن سورس اے آئی اور یکساں تکنیکی حقوق کی جنگ لڑتا رہے گا تا کہ ڈیجیٹل تقسیم اور نابرابری کو روکا جا سکے۔شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ دنیا میں یہ تاثر غلط ہے کہ اے آئی انسانوں کی ملازمتیں ختم کر دے گی، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ جو فرد اے آئی کا استعمال جانتا ہوگا وہ عام فرد سے 100 گنا زیادہ موثر اور پیداواری صلاحیت کا حامل ہوگا۔ اے آئی ان لوگوں کی ملازمتیں ختم کرے گی جو وقت کے ساتھ جدید مہارتیں نہیں سیکھتے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایک طیارہ اڑانے کے لیے ایک پائلٹ کی ضرورت ہوتی تھی، جبکہ آج کمپیوٹر کے پیچھے بیٹھ کر ڈرون یا غیر انسان بردار گاڑی (UAV) کو کنٹرول کرنے کے لیے 5 افراد کی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا ملازمتیں ختم نہیں ہو رہیں بلکہ ان کی نوعیت بدل رہی ہے اور حکومت اسی تناسب سے اپنے نوجوانوں کو تیار کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کے ڈیجیٹل کور کو مضبوط بنانے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سالوں میں بین الاقوامی ‘Ookla Speedtest’ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں انٹرنیٹ کی کھپت میں 2 Terabytes فی سیکنڈ کا بڑا اضافہ ہوا ہے اور موجودہ لائیو کیپیسٹی 7 TBPS تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ سب میرین کیبلز میں اضافے اور 480 MHz سپیکٹرم کی تاریخی نیلامی سے ہماری سپیکٹرم صلاحیت 274 سے بڑھ کر 750 MHz سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے بعد پاکستان اپنے خطے میں اوسط کیپیسٹی سے اوپر آ گیا ہے۔ فائبرائزیشن کے ہدف پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 3 سال پہلے تک صرف 30 لاکھ سے کم گھروں تک آپٹک فائبر کی رسائی تھی، جبکہ گزشتہ دو سالوں میں پی ٹی اے اور انڈسٹری کے ساتھ مل کر یہ تعداد 60 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیجیٹل نیشن ماسٹر پلان، مصنوعی ذہانت پالیسی اور ڈیٹا گورننس پالیسی کا بنیادی اصول یہ ہے کہ حتمی اختیار اور ذمہ داری انسان ہی کے پاس رہے گی ۔ تکنیک اور الگورتھمز کو مکمل طور پر آزادانہ فیصلے کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ڈیٹا گورننس پالیسی کے تحت ڈیٹا کی بین الادارتی منتقلی، سکیورٹی اور رازداری کے سخت ترین اصول نافذ کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 8.5 میگاواٹ کا ‘SkyForest 7’ ڈیٹا سینٹر قائم ہو چکا ہے جبکہ کوانٹم گروپ اور سیفائر گروپ جیسے بڑے روایتی صنعتی ادارے بھی اب اے آئی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ حکومت 5 یا 10 ارب ڈالر کے کسی ایک بڑے عالمی پراجیکٹ پر انحصار کرنے کے بجائے 100 سے 200 ملین ڈالر کی مقامی اور علاقائی سرمایہ کاریوں کو یکجا کر کے ایک آرکسٹریشن لیئر کے ذریعے مشترکہ کمپیوٹ فراہم کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ورلڈ بینک اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے ‘Fund of Funds’ تشکیل دیا جا رہا ہے تا کہ ملکی سٹارٹ اپس کو کلاؤڈ کریڈٹس اور وینچر کیپٹل فنڈنگ کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔سائبر دفاع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہِ حق کے دوران پاکستان نے نہ صرف روایتی دفاعی میدان میں کامیابی حاصل کی بلکہ پسِ پردہ جاری شدید سائبر جنگ میں بھی دشمن کے تمام سائبر حملوں کو ناکام بنا کر اپنی اعلیٰ دفاعی اور سائبر صلاحیتوں کا اثبات کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کا دفاعی اور ڈیجیٹل فریم ورک ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے، جس کی بدولت پاکستان عالمی سائبر سکیورٹی انڈیکس کے ٹاپ 40 (ٹاپ ٹیر) ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔انہوں نے اختتام پر عالمی مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے دہرایا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے اے آئی ڈیجیٹل کامپیکٹ، یونیسکو اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کی صدارت کے فورمز سے دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کی منصفانہ اور اوپن سورس فراہمی کا مقدمہ لڑتا رہے گا.







