آئی بی سی سی نے جدید ڈیجیٹل قطار مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا

انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے عوامی سہولت، شفافیت اور ڈیجیٹل اصلاحات کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے جدید ڈیجیٹل قطار مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا۔

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے عوامی سہولت، شفافیت اور ڈیجیٹل اصلاحات کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے جدید ڈیجیٹل قطار مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا۔ نظام کا افتتاح وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ایڈیشنل سیکرٹری حسن ثقلین نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح کے ہمراہ آئی بی سی سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں کیا۔ یہ نظام وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب کی خصوصی ہدایات پر متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت آئی بی سی سی کے تمام چھ مراکز میں عوامی خدمات کو مزید آسان، تیز رفتار اور شفاف بنایا جائے گا۔ نئے نظام کے ذریعے ڈیجیٹل ٹوکن، کیو آر کوڈ کے ذریعے باری کی معلومات، متوقع انتظار کے وقت سے آگاہی، ایس ایم ایس اور واٹس ایپ اطلاعات سمیت بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے ترجیحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ آئی بی سی سی تیزی سے ایسے نظام کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں طلبہ اور شہریوں کو خدمات کے حصول کے لیے دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانا پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی سی سی کو شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے والا ادارہ بنانا اور خدمات کو ڈیجیٹل بنانا وزارت وفاقی تعلیم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جو وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی عملی تعبیر ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید قطار مینجمنٹ سسٹم سے انتظار کا وقت کم، سہولت میں اضافہ اور خدمات کی فراہمی میں شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔