اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا اجلاس جمعرات کو رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار کی صدارت میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن، اسلام آباد کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی قانونی حیثیت، میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں خالی نشستوں اور انتظامی مسائل پر غور کیا گیا۔کمیٹی نے ایم …
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا اجلاس جمعرات کو رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار کی صدارت میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن، اسلام آباد کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی قانونی حیثیت، میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں خالی نشستوں اور انتظامی مسائل پر غور کیا گیا۔کمیٹی نے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کی تین سالہ میعاد کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی اور خدشہ ظاہر کیا کہ مختلف سالوں میں امتحان کے مختلف معیار طلباء میں عدم مساوات پیدا کر رہے ہیں۔
اراکین نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پچھلے سال اور موجودہ سال کے دونوں امیدواروں نے اس معاملے پر عدالتوں سے رجوع کیا تھا۔وفاقی وزیر صحت سیدمصطفی کمال نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ اگرچہ اس سال کے داخلوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی تاہم وزارت پارلیمان کے ذریعے ترامیم پر غور کرنے کے لئے تیار ہے جیسا کہ کمیٹی نے باقاعدہ سفارش کی تھی۔ کمیٹی نے خالی نشستوں کے مسئلے پر بھی توجہ دلائی جو طلباء کی ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کے درمیان شفٹ ہونے کی وجہ سے ہوتی ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے مختلف یونیورسٹیوں اور صوبوں کے وائس چانسلرز کی تجاویز کا جائزہ لیا جس میں طلباء کے دوسرے میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹیوں میں شفٹ ہونے پر پابندی اور سیٹوں کے ضیاع سے بچنے کے لئے ویٹنگ لسٹ کے طلباء کو ایڈجسٹ کرنے کی مشق شامل ہے۔ وفاقی وزیر نے پی ایم ڈی سی، لاء ڈویژن اور وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ وہ دو دن کے اندر ایک مشترکہ قانونی طور پر تصدیق شدہ تجویز پیش کریں۔اجلاس میں آئی بی سی سی کے نظام کے بارے میں اراکین نے کیمبرج اور مقامی بورڈ کے تبادلوں کے درمیان تفاوت کو نمایاں کرتے ہوئے، غیر ملکی نظام کے طلباء پر لاگو کردہ مارکنگ فارمولے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔
چیئرمین نے پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم کو دیگر اراکین کے ساتھ ذاتی طور پر اس مسئلے کا تفصیلی جائزہ لینے اور ایک قابل عمل اور منصفانہ حل تیار کرنے کے لئے آئی بی سی سی کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کی۔پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے حوالے سے کمیٹی نے مبینہ انتظامی بے ضابطگیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے اس بات کی تصدیق کی کہ نو تشکیل شدہ کونسل کا اجلاس اگلے ہفتے متوقع ہے جس میں معاملے کو اپنے پہلے ایجنڈے کے آئٹم کے طور پر اٹھایا جائے گا۔
کمیٹی نےوزارت کو پی این ایم سی سے متعلق تمام زیر التواء ایجنڈے کو ایک ہفتے کے اندر حل کرنے کی ہدایت دی۔کمیٹی نے ڈریپ کی نگرانی، وفاقی ہسپتالوں کے قریب فارمیسی ریفرلز اور 200 بستروں پر مشتمل ٹی بی ہسپتال کی پنجاب حکومت کو منتقلی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا۔ کمیٹی نے ڈریپ کو ہدایات جاری کی کہ وہ تفصیلی رپورٹ کے ساتھ اگلی میٹنگ میں شرکت کرے اور وزارت کو پنجاب حکومت کے حوالے کرنے سے پہلے پنجاب حکام کے ساتھ مل کر ہسپتال کی منتقلی کے منصوبے کو حتمی شکل دے۔
اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی زہرہ ودود فاطمی، فرح ناز اکبر، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو، فرخ خان، سبین غوری، ڈاکٹر درشن، عالیہ کامران اور ڈاکٹر نگہت شکیل خان اور وفاقی وزیر صحت نے شرکت کی۔ این ایچ ایس آر اینڈ سی، پی ایم ڈی سی، آئی بی سی سی، ڈریپ اور میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور وزارت کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔








