قومی اسمبلی کے ا سپیکر اسد قیصر کی کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو

122
APP42-10 MIRPUR: March 10 - Speaker National Assembly Asad Qaiser talking to media personnel during his visit. APP

میرپور ۔۔ 10 مارچ (اے پی پی)قومی اسمبلی کے ا سپیکر اسد قیصرنے کہاہے کہ مودی سرکار نے الیکشن میں کامیابی کے لیے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا ہے‘ بھارت سرکار کو انسانی جانوں کی فکر نہیں وہ خطہ میں خطرناک کھیل کھیلنا چاہتے ہیں‘ دوایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ سے تباہی ہوگی‘ بھارت برائے نام پروپگینڈہ کر رہا ہے جس پر اسے دنیا بھر سے ندامت اٹھانا پڑ رہی ہے‘ بھارت سرکار غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے‘ پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن میں کرپشن بہت بڑا مسئلہ ہے‘ موجودہ حالات میں پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور یکجہتی کا مظاہر ہ کیا اور پوری قوم مسلح افواج کی جرات اور بہادری پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے‘بھارت مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے جس پر عالمی امن کے علمبرداروں سمیت اقوام متحدہ کو فوری نوٹس لینا چاہیئے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قرارداد 178ممالک کی اسمبلیوں کے اسپیکر کو خطوط کے ذریعے بھیجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آزادی کی ایک تحریک چل رہی ہے‘ آزادی کی تحریک کو ظلم وجبر سے نہ تو روکا جاسکتا ہے اور نہ ہی زبردستی سے اپنے ساتھ رکھا جاسکتا ہے۔ آج میں میرپور کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بہت ٹیلنٹ ہے اور لوگ بڑ ے اچھے کام کر رہے ہیں‘ جس قوم میں اعلیٰ صلاحتیں موجود ہوں انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے الیکشن کے لیے خطہ کا ماحول خراب کر رہا ہے اسے انسانی جانوں سے کوئی غرض نہیں ہے۔مودی سرکار دو نیو کلیئر پاور کے درمیان غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی سرکار نے پاکستان پر حملے کا بے بنیاد پروپگینڈہ کیا جس سے اس کو دنیا میں ندامت اٹھانا پڑی اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ انہوں نے مسلح افواج پاکستان اور پاک ائیر فورس کے جوانوں کو بھرپور جوابی حملہ پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ ریاست جموں کشمیر میں ہزاروں کے حساب سے کشمیریوں کو شہید کیا اور نہتے لوگوں کو جیلوں میں رکھا گیا‘مقبوضہ کشمیر کے ان حالات میں بھارت کیسے کشمیریوں کو اپنے ساتھ رکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر ضرور منطقی انجام تک پہنچے گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالا جائے۔