قومی انسداد پولیو مہم ملک کے 143 مخصوص اضلاع میں کل سے شروع ہوگی، چار کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

122

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):قومی انسداد پولیو مہم ملک کے 143 مخصوص اضلاع میں کل پیر سے شروع ہوگی، مہم کے دوران چار کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، سال 2024 کی آخری انسداد پولیو مہم 16 سے 22 دسمبر تک جاری رہے گی ۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔

ایک ماں کی حیثیت سے میں آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھول دیں اور اپنے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو پولیو کے لازمی قطرے پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین مکمل طور پر محفوظ، موثر اور بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض اور دیگر مہلک بیماریوں سے بچائو کے لیے معمول کی ویکسینیشن ضروری ہے۔ انہوں نے فرنٹ لائن پولیو کے بہادر کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا جو مشکل حالات میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پولیو کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمارے فرنٹ لائن ورکرز حقیقی ہیرو ہیں۔