اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی (سی ایس آر) کے معاشی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی بہتری میں اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے سی ایس آر اقدامات کو پالیسی اور شراکت داری کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ منگل کو 17 ویں سی ایس آر سمٹ اور ایوارڈز 2025 سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے بحری شعبے میں سی ایس آر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پائیدار ماہی گیری، سمندری وسائل کے تحفظ اور ساحلی برادریوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کاروباری اداروں کو ماحول دوست پالیسیوں، بحری تعلیم اور بلیو اکانومی کے فروغ کو اپنی سی ایس آر حکمت عملی میں شامل کرنے کی ترغیب دی۔
وفاقی وزیر نے تعلیم، صحت، قابل تجدید توانائی، ماحولیاتی تحفظ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے قومی اہمیت کے حامل شعبوں میں حکومت اور کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے سی ایس آر اقدامات کو پالیسی اور شراکت داری کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی مطابقت کے میدان میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہےاور کاروباری اداروں کو اپنی سی ایس آر سرگرمیوں کو قومی اور عالمی پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ،خاص طور پر قابل تجدید توانائی، کاربن فٹ پرنٹ میں کمی اور ماحول دوست صنعتی طریقوں کو فروغ دینا چاہیے۔
ایوارڈ حاصل کرنے والے اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے سماجی بہبود، کارپوریٹ اخلاقیات اور پائیدار کاروباری حکمت عملیوں کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا اور انہیں مزید مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ (این ایف ای ایچ) اور اس کے شراکت داروں کی جانب سے اس سمٹ کے انعقاد کو سراہا اور سی ایس آر کے شعبے میں مکالمے، تعاون اور علم کے تبادلے کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ آئیے سب مل کر خوشحال، مساوی اور پائیدار پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کریں، ہماری اجتماعی کوششیں مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں اور ضرورت مندوں کی زندگی بہتر بنا سکتی ہیں۔