قومی نیٹ بال چیمپئن شپ کے افتتاحی روز سات میچوں کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام 18 ویں قومی نیٹ بال چیمپئن شپ کے افتتاحی روز سات میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ چیمپئن شپ کا افتتاح رکن قومی اسمبلی و وزارت بین الصوبائی رابطہ کی پارلیمانی سیکرٹری صائمہ ندیم اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر میاں جہانگیر اقبال نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان، صدر مدثر آرائیں، نائب صدر ملک محمد ثمین خان، پاکستان تھرو بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں، اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کرنل (ر) غلام مرتضی شاہ، سیکرٹری ویمن ونگ منیبہ عثمان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ افتتاحی روز سات میچوں کا فیصلہ ہوا۔ خواتین کے مقابلوں میں ایلیٹ پی این ایف نے پنجاب کو 15-12، گلگت بلتستان نے آزاد جموں و کشمیر کو12-3 ، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اسلام آباد کو 37-11، پاکستان واپڈا نے گلگت بلتستان کو 42-0 اور پاکستان آرمی نے پنجاب کو 30-10 گول سے ہرادیا جبکہ خیبر پختونخوا نے بلوچستان کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان واپڈا نے فاٹا کو 50-13 گول سے ہرادیا۔ چیمپئین شپ کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ملک میں کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں اور وہ خود بھی کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے یقین دلاتی ہوں کہ کھلاڑیوں کو ہر مکمن سہولیات فراہم کریں گے تاکہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ میاں جہانگیر اقبال نے کہا کہ میں اپنے آپ کو اس کورٹ میں دیکھ کر خوشی محسوس کر رہا ہوں، نیٹ بال ملک میں تیزی سے ترقی کرنے والا کھیل ہے جو نوجوان لڑکے اور لڑکیوں میں مقبول ہو رہا ہے، وہ دن دور نہیں کہ پاکستان اپنے تمام اعزازات دوبارہ حاصل کر لے گا۔ چیمپیئن شپ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ایئرفورس، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائرایجوکیش کمیشن، پاکستان واپڈا، پاکستان انٹر بورڈز، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر شامل ہیں۔