اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی)قومی وزارتِ صحت سروسز، یونیسف اور عالمی ادارہ صحت نے ایک اہم آن لائن اجلاس کے دوران لوگوں پر زور دیاہے کہ وہ عید الاضحیٰ مناتے ہوئے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے تجویز کردہ رویوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ آنے والی عید محفوظ انداز میں منائی جا سکے۔ اجلاس کی صدارت وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت …
وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت آن لائن اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی)قومی وزارتِ صحت سروسز، یونیسف اور عالمی ادارہ صحت نے ایک اہم آن لائن اجلاس کے دوران لوگوں پر زور دیاہے کہ وہ عید الاضحیٰ مناتے ہوئے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے تجویز کردہ رویوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ آنے والی عید محفوظ انداز میں منائی جا سکے۔ اجلاس کی صدارت وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کی۔ اس آن لائن اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ پاکستان کے ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ خود کو اور اپنے پیاروں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ عید الاضحیٰ کے دنوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا باعث بننے والے رویے اپنانے کا مقصد وزیر اعظم عمران کی طرف سے پیش کئے گئے معیاری عملی اقدامات (ایس او پیز) پر عمل درآمد کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ کو ایک بار پھر اس عروج تک پہنچنے سے روکنا ہے جس تک وہ عید الفطر کے بعد پہنچ گیا تھا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ ہم اس وقت اس وبائی صورتِ حال سے جنگ کے ایک اہم مرحلے پر ہیں۔ اس وقت کیسز کی تعداد میں بہت حد تک کمی واقع ہوچکی ہے اور اس مرحلے پر ہم اْس غفلت اور کاہلی کے متحمل نہیں ہوسکتے جس کا تجربہ ہمیں عید الفطر کے دنوں میں ہوا تھا۔ نہ صرف کوویڈ۔19 کی وبا سے پیدا ہونے والے حالات نے ملک بھر میں لوگوں کی زندگیوں اور صحت کو بْری طرح متاثر کیا ہے بلکہ اس کی وجہ سے اہم خدمات کی فراہمی کے سلسلے پر بھی تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ان خدمات میں صحت، غذا، تعلیم ، پانی اور صحت و صفائی جیسی بنیادی خدمات شامل ہیں۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ مس عائدہ گرما نے کہاکہ ہم اس وقت کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے اہم ترین مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ اس جنگ میں مارچ کے مہینے سے ہماری قیادت وزیرِ اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور ان کے اہم شراکت دار کررہے ہیں۔ ان کے علاوہ خدمت کے لئے وقف ہیلتھ ورکرز کا ہراول دستہ بھی کلیدی کردار ادا کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہاس وقت جب ہم میں سے ہر ایک اپنے پیاروں کے ساتھ عید الاضحیٰ منانے کی تیاریوں میں مصروف ہے ہم پر وہ رویے اپنانا لازم ہوجاتا ہے جن کی مدد سے ہم اپنے خاندان اور قرب و جوار کے لوگوں کی زندگیاں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روک کر محفوظ بنا سکتے ہیں۔ ہم ان رویوں پر جس قدر سختی سے عمل کریں گے ، اتنی ہی جلدی ہم معمول کی زندگی گذارنے کے قابل ہوکر اپنے بچوں اور خاندانوں کو وہ تمام ضروری خدمات فراہم کرسکیں گے جن کی انہیں بے حد ضرورت ہے۔ ان خدمات میں قابلِ انسداد بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ویکسین دینا، غذائی خدمات کے ذریعے نشو و نما کی کمی کا شکار ہونے والے بچوں کو بچانا اور بچوں و نو بالغوں کو تعلیم کی مدد سے اپنا مستقبل تشکیل دینے کے قابل بناکر لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانا شامل ہیں۔ حکومتِ پاکستان یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ملک بھر میں ان ضروری خدمات کے فراہمی کے آغاز اور ان کا تسلسل برقرار رکھنے کے عمل کو یقینی بنانے کے سلسلے میں مصروفِ عمل ہے۔ پولیو کے زیادہ خطرات کا سامنا کرنے والے اضلاع میں پولیو کے خاتمے کے لئے ویکسین پلانے کے سلسلے کا آغاز پہلے ہی ہوچکا ہے۔ پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر پالیثا گورنارتھنا ماہیپالا نے اس موقع پر کہا کہ عالمی ادارہ صحت پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے ۔ کوویڈ۔19 کے تناظر میں حکومتِ پاکستان نے اپنے شراکت داروں خاص طور پر عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے ساتھ مل کر ملک بھر میں صحت کی ضروری خدمات کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے۔ پاکستان کے کئی اضلاع میں پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے کا سلسلہ ایک بار پھر کامیابی سے شروع ہوچکا ہے۔ عالمی ادارہ صحت وزیر اعظم پاکستان اور ڈاکٹر ظفر مرزا کی قیادت کو کوویڈ۔19 کی وبا کے دنوں میں کورونا وائرس سے جنگ کے عمل کو سراہتا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، بین الاقوامی کرکٹ کے کھلاڑی محمد رضوان، پمز اسلام آباد میں کوویڈ۔19 کے فوکل پرسن ڈاکٹر نسیم اور 15 سالہ عریشہ فاطمہ نے اس موقع پر ویڈیو پیغامات ریکارڈ کئے۔اس دوران یہ پیغامات چلائے گئے جن میں لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ وائرس کے خلاف متحرک ہوکر لوگوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے آپ کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے لوگوں کو چاہیے کہ وہ عوامی اجتماعات سے دْور رہیں، خریداری اور حتیٰ کہ مسجد کے لئے گھر سے نکلتے وقت ماسک پہن کر نکلیں، اپنے ہاتھ باقاعدگی سے صابن اور صاف پانی سے 20 سیکنڈز تک دھوئیں یا پھر ہاتھوں کو جراثیم سے پاک کرنے والا محلول استعمال کریں۔








