لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):قومی ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمنز کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے دی،تین میچوں کی سیریز 1-2سے جنوبی افریقہ کے نام رہی۔اس میچ کی خاص بات نشرہ سندھو کی کریئر بہترین بائولنگ تھی،جنہوں نے 6وکٹیں لیں۔ان کے علاوہ سدرہ امین نے سیریز میں شاندار کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں پیر …
قومی ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمن کو آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے دی،تین میچوں کی سیریز 1-2سے جنوبی افریقہ کےنام

مزید خبریں
لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):قومی ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمنز کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے دی،تین میچوں کی سیریز 1-2سے جنوبی افریقہ کے نام رہی۔اس میچ کی خاص بات نشرہ سندھو کی کریئر بہترین بائولنگ تھی،جنہوں نے 6وکٹیں لیں۔ان کے علاوہ سدرہ امین نے سیریز میں شاندار کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں پیر کو کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ٹاس جنوبی افریقہ ویمنز نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، لیفٹ آرم سپنر نشرہ سندھو کی شاندار بائولنگ کے سبب وہ 26ویں اوور میں محض 115رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی اننگز میں کپتان لارا وولوارٹ 6 چوکوں کی مدد سے 28رنز بناکر ٹاپ سکوررزرہیں،نشرہ سندھو نے 9اوورز میں صرف26رنز دے کر 6وکٹیں حاصل کیں جو ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی بہترین انفرادی بائولنگ ہے۔اس سے قبل ان کی بہترین انفرادی بائولنگ 26رنز کے عوض4وکٹیں 2017میں بھارت کے خلاف ڈربی میں تھی۔یہ ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں کسی بھی پاکستانی بائولر کی دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ یہ ریکارڈ ساجدہ شاہ کا ہے جنہوں نے 2003میں جاپان کے خلاف 4رنز دے کر 7وکٹیں حاصل کی تھیں۔ نشرہ سندھو نے اپنے75ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں 100وکٹیں بھی مکمل کرلیں ۔ وہ ثنا میر اور ندا ڈار کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والی تیسری پاکستانی بائولر ہیں۔
نشرہ سندھو کے علاوہ سیدہ عروب شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ عمیمہ سہیل اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب می پاکستانی ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 31اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، عمیمہ سہیل صفر پر آوٹ ہوئیں جس کے بعد منیبہ علی اور سدرہ امین نے 65رنز کی شراکت قائم کی۔ منیبہ علی 6چوکوں کی مدد سے 44رنز بناکر نادین ڈی کلیرک کی گیند پر آوٹ ہوئیں جنہوں نے اسی اوور میں کپتان فاطمہ ثنا کو بھی صفر پر آئوٹ کردیا۔سدرہ امین اور نتالیہ پرویز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 38رنز کا اضافہ کیا۔ نتالیہ پرویز14رنز بناکر آوٹ ہوگئیں۔سدرہ امین نے8چوکوں کی مدد سے 50رنز بنائے اور وہ ناٹ آئوٹ رہیں۔اس سیریز میں انہوں نے دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے293رنز بنائے۔اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والی ایمان فاطمہ 2رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں۔








