قومی کمیشن برائے وقار نسواں کا سندھ اسمبلی میں مسیحی فیملی لاز بل متعارف کرائے جانے کا خیرمقدم
قومی کمیشن برائے وقار نسواں کا سندھ اسمبلی میں مسیحی فیملی لاز بل متعارف کرائے جانے کا خیرمقدم

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) نے سندھ اسمبلی میں مسیحی فیملی لاز بل کو متعارف کرائے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے قانونی تحفظ، انصاف تک رسائی اور مسیحی خواتین، لڑکیوں اور بچوں کے تحفظات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔بدھ کو جاری پریس کے مطابق این سی ایس ڈبلیو نے مسیحی خاندان کے معاملات کو بہتر کرنے والے ایک جامع، حقوق پر مبنی فریم ورک کی طرف مسلسل کوششوں کی حمایت کرنے اور قانون سازی کے عمل میں ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید اور دیگر ارکان اسمبلی کے کردار کو سراہا ہے ۔
بیان کے مطابق این سی ایس ڈبلیو گزشتہ تین سالوں سے، پاکستان بھر میں اپنی پارٹنر تنظیموں کے ساتھ مل کر مسیحی عائلی قوانین میں اصلاحات کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ، متعلقہ اداروں، قانونی ماہرین، سول سوسائٹی، مذہبی نمائندوں اور خود مسیحی برادری کے ساتھ قانونی خلا کی نشاندہی کرنے اور ان اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے کام کیا ہے جو خاندانوں، خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
کمیشن کا خیال ہے کہ ظلم، جنس پر مبنی تشدد، شادی، طلاق، نگہداشت، تحویل اور سرپرستی سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے موجودہ مسیحی عائلی قوانین میں مسلسل نظرثانی کی ضرورت ہے جن میں خواتین اور بچوں کے وقار، حقوق اور بہترین مفادات کو مرکزیت حاصل ہو۔کمیشن نے سندھ اسمبلی کے اقدام کو صوبوں میں اسی طرح کی تعمیری قانون سازی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک مساوی اور موثر قانونی فریم ورک کو آگے بڑھانے کا ایک موقع قرار دیا ہے۔کمیشن نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مذہب، برادری، نسل، صوبے یا مقام کی بنیاد پر تفریق کے بغیر اس کا مینڈیٹ پاکستان کی ہر عورت اور لڑکی کے لیے ہے ۔
کمیشن تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا تاکہ ان قوانین اور پالیسیوں میں بہتری کے لیے کوشش کی جا سکے جو مساوات، وقار، انصاف اور امتیازی سلوک اور تشدد سے تحفظ کو برقرار رکھتے ہوں۔ این سی ایس ڈبلیو جامع، شواہد پر مبنی اور مشاورتی قانون سازی اصلاحات کی حمایت کے لیے پرعزم ہے جو پاکستان بھر میں خواتین، لڑکیوں اور خاندانوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔







