سیکرٹری احمد عزیز تارڑ نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک کارڈ فیزII کے اجرا کے عمل کو موثر اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے اور مویشی پال حضرات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
لائیو سٹاک کارڈ کے اجرا کو شفاف انداز میں مکمل کیا جائے، سیکرٹری لائیو سٹاک

مزید خبریں
لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری احمد عزیز تارڑ نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک کارڈ فیزII کے اجرا کے عمل کو موثر اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے اور مویشی پال حضرات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک اعلیٰ سطحی محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب کی زیرِ صدارت لائیو سٹاک کارڈ فیز-II کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر، ڈائریکٹر جنرل توسیع ڈاکٹر سید ندیم بدر، ڈائریکٹر کمیونیکیشن ڈاکٹر خالق شفیع اور بینک آف پنجاب کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں لائیو سٹاک کارڈ فیزII کے تحت مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی سہولیات، کارڈز کے اجرا اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل توسیع نے سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب کو لائیو سٹاک کارڈ فیزII کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت بارے بریف کیا۔ شرکا میٹنگ کو بتایا گیا کہ لائیو سٹاک کارڈ فیزII کے تحت پنجاب بھر میں3 لاکھ جانوروں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ پروگرام کے لیے پنجاب بھر سے2 لاکھ 80 ہزار280 مویشی پال حضرات نے درخواستیں جمع کروائیں، جن میں سے23 ہزار 285 درخواستیں مقررہ معیار پر پورا اترنے کے بعد منظور کی جا چکی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لائیو سٹاک کارڈ فیزII کی پہلی قسط 16 ستمبر2026 سے جاری کی جا رہی ہے۔ منظور شدہ مویشی پال حضرات اپنا لائیو سٹاک کارڈ بینک آف پنجاب کی صوبہ بھر میں موجود 131 برانچز سے حاصل کر سکیں گے۔ اس موقع پر احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت لائیو سٹاک کارڈ پروگرام مویشی پال حضرات کی معاشی بہتری، مویشیوں کی بہتر نگہداشت اور سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب مویشی پال حضرات کی خوشحالی اور شعبہ کی پائیدار ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گا۔








