لامین یامال کے شاندار گول پر بارسلونا کی فتح ، انجری پر تشویش

بارسلونا نے سیلٹا ویگو کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے میں معمولی برتری سے کامیابی حاصل کر کے سپینش لیگ لا لیگا کی درجہ بندی میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کر لیا، تاہم میچ کے دوران نوجوان سٹار لامین یامال کی انجری نے شائقین اور ٹیم انتظامیہ کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔

بارسلونا۔23اپریل (اے پی پی):بارسلونا نے سیلٹا ویگو کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے میں معمولی برتری سے کامیابی حاصل کر کے سپینش لیگ لا لیگا کی درجہ بندی میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کر لیا، تاہم میچ کے دوران نوجوان سٹار لامین یامال کی انجری نے شائقین اور ٹیم انتظامیہ کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق 18 سالہ ونگر لامین یامال نے کھیل کے 40ویں منٹ میں پنالٹی کک پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

یہ پنالٹی اس وقت ملی جب وہ شاندار ڈرِبلنگ کرتے ہوئے مخالف دفاع کو چیرتے ہوئے باکس میں داخل ہوئے اور فاؤل کا شکار بنے۔تاہم گول سکور کرنے کے فوراً بعد لامین یامال نے اپنی بائیں ران کے پٹھے میں تکلیف کی شکایت کی اور میدان میں گر گئے۔ طبی عملے نے فوری طور پر ان کا معائنہ کیا، جس کے بعد وہ لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر گئے اور مزید علاج کے لیے ڈریسنگ روم منتقل ہو گئے۔ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کو میدان میں اتارا گیا جبکہ ٹیم کے کوچ ہانسی فِلک اور شائقین کو ان کی انجری کی نوعیت کے بارے میں تشویش لاحق ہو گئی ہے۔اس فتح کے بعد بارسلونا نے سپینش لیگ لا لیگا ٹائٹل کے دفاع کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھایا ہے۔

ابھی سیزن کے 6میچز باقی ہیں۔ تاہم آئندہ اہم میچوں، خصوصاً ریال میڈرڈ کے خلاف کلاسیکو سے قبل لامین یامال کی فٹنس ایک بڑا سوال بن چکی ہے۔میچ کے بعد مڈفیلڈر پیڈری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ لامین یامال کی انجری زیادہ سنگین نہیں ہوگی اور وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لامین یامال ایک باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑی ہیں اور وہ مضبوطی سے واپسی کریں گے۔واضح رہے کہ لامین یامال رواں سیزن میں اب تک 16 گول کر چکے ہیں اور انہیں یورو کپ 2024 میں بہترین نوجوان کھلاڑی کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

 

مزید خبریں