لاڑکانہ۔11جون (اے پی پی):کمشنر لاڑکانہ ڈویژن غلام مصطفیٰ فل نے چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایات پر لاڑکانہ ڈویژن میں بجلی چوری کے خلاف مہم کی نگرانی اور لاڑکانہ میں کمشنر آفس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے لاڑکانہ ایڈیشنل کمشنر 2 لاڑکانہ ( واٹس ایپ نمبر 03337361136) کی قیادت میں ایک ڈویژنل سیل قائم کیا گیاہے۔ اپنے جاری کردہ حکم نامے میں کمشنر نے لاڑکانہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں ایسے سیل قائم کریں اور اے ڈی سیز کو فوکل پرسن مقرر کریں۔
ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں سیپکو کے ایکسین اور ایس ایس پیز کے ساتھ تعاون کریں اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے حکمت عملی واضع کرنے کے لیے مہینے میں کم از کم ایک بار ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی کا اجلاس بلائیں۔ اجلاسوں میں بجلی کی بقایاجات کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرکے ان کی وصولی کے لیے ہفتہ وار پلان بنایا جائے، پہلے مرحلے میں بڑی بقایا جات کے خلاف کارروائی کی جائے۔
بجلی چوری کے خلاف مہم کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے پرنٹ اور سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے لیے سیپکو حکام متعلقہ ڈی سیز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور اس مہم پر کڑی نظر رکھی جائے۔ کمشنر نے لاڑکانہ اضلاع کے ڈی سیز اور ان کے متعلقہ سیپکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ سیپکو سے متعلق عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کے لیے خصوصی وکیل مقرر کریں۔ عدالتوں میں حکومت کے مفادات کے خلاف کسی حکم سے بچنے کے لیے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حکومتی مقدمات کو اچھے طریقے سے چلایا جائے۔