لاڑکانہ میں ٹراما آگاہی واک کا انعقاد،مقصد ٹریفک حادثات سے بچاؤ، روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل اور ہنگامی طبی امداد کی اہمیت بارے شعور اجاگر کرنا تھا
لاڑکانہ میں ٹراما آگاہی واک کا انعقاد،مقصد ٹریفک حادثات سے بچاؤ، روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل اور ہنگامی طبی امداد کی اہمیت بارے شعور اجاگر کرنا تھا

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما اینڈ ایمرجنسی رسپانس سینٹر لاڑکانہ کے زیرِ اہتمام ٹراما آگاہی کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد شہریوں میں ٹریفک حادثات سے بچاؤ، روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل درآمد اور ہنگامی طبی امداد کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔واک میں رکن سندھ اسمبلی سٹی لاڑکانہ جمیل احمد سومرو نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امجد علی بجارانی، ڈاکٹر ضمیر حسین سومرو، ڈاکٹر شاہزیب شیخ، ڈاکٹر دیالی کل، پیپلز پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے عہدیداران، طبی عملے اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
واک کے شرکا نے ٹریفک قوانین کی پابندی، تیز رفتاری سے گریز، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنا اور روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔شرکا کا کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں بلکہ متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو شدید جسمانی، ذہنی اور معاشی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، احتیاطی تدابیر اور ٹریفک قوانین پر عمل سے ان حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ہنگامی طبی امداد کی بروقت فراہمی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ حادثے کی صورت میں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور انہیں بروقت ہسپتال منتقل کرنے سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔








