پاکستان پیپلز پارٹی لاڑکانہ اور سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے زیرِ اہتمام جانثارانِ بینظیر، شہدائے کارساز کی 19ویں برسی گڑھی خدا بخش بھٹو میں مزارِ شہدائے کارساز پر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں شہدائے کارساز کی جمہوریت، عوامی حقوق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
لاڑکانہ میں شہدائے کارساز کی 19ویں برسی منائی گئی

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی لاڑکانہ اور سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے زیرِ اہتمام جانثارانِ بینظیر، شہدائے کارساز کی 19ویں برسی گڑھی خدا بخش بھٹو میں مزارِ شہدائے کارساز پر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں شہدائے کارساز کی جمہوریت، عوامی حقوق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری اور رکن سندھ اسمبلی سٹی لاڑکانہ جمیل احمد سومرو نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں، عہدیداران اور کارکنوں نے شہدائے کارساز کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور شہید قائدین کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے شہدائے کارساز کی قربانیوں کو پارٹی کی تاریخ کا اہم باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بحالی اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے کارکنوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے عہدیداران، ٹائون چیئرمینز، وائس چیئرمینز، یونین کمیٹیوں کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز، کونسلرز، یونین کمیٹیوں کے صدور و جنرل سیکرٹریز، دیگر پارٹی عہدیداران، کارکنان اور ذیلی ونگز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر شہدائے کارساز کے درجات کی بلندی ،ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور جمہوری نظام کے تسلسل کے لیے دعا کی گئی۔








