لاک ڈاﺅن کی وجہ سے گروپ 20 کے رکن ممالک میں مجموعی قومی پیداوارمیں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران تاریخی کمی، چین کے جی ڈی پی میں 12.3 اضافہ ہوا، آئی ایم ایف

آئی ایم ایف

اسلام آباد ۔ 03ستمبر(اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے کہاہے کہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں گروپ 20 کے رکن ممالک میں مجموعی قومی پیداوارمیں تاریخی کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم چین کی مجموعی قومی پیداوارمیں دوسری سہ ماہی کے دوران 12.3 فیصد کا نمایاں اضافہ ہواہے۔یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی چیف اکانومسٹ گیتاگوپی ناتھ نے جمعرات کو دوسری سہ ماہی میں گروپ 20 ممالک کے مالیاتی اعدادوشمارجاری کرتے ہوئے کہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ پہلی سہ ماہی کی طرح سال کی دوسری سہ ماہی میں بھی گروپ 20 کے رکن ممالک کی جی ڈی پی میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری سہ ماہی میں امریکا کی جی ڈی پی میں منفی 9 اعشاریہ ایک، روس منفی8.9، جاپان منفی 7.8، جنوبی کوریامنفی 3.2، بھارت منفی 6.9، فرانس منفی13.8، کینیڈامنفی 11.5، اٹلی منفی 12.8، سپین منفی 18.5، برازیل منفی 9.7، برطانیہ منفی20.5 اورآسٹریلیا کی مجموعی قومی پیداوارمیں منفی 7 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ دوسری سہ ماہی میں چین کی معیشت نے شانداربحالی کا مظاہرہ کیا اوروہاں مجموعی قومی پیداوارمیں 12 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔انہوں نے کہاکہ رواں سال کے دوران گروپ 20 سمیت دنیا کے بیشترممالک کی مجموعی قومی پیداوارمیں کمی کاسلسلہ جاری رہے گا۔