لاہور،صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں ،رواں سال 21 ہزار 824 ملزمان گرفتار

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ڈرگ فری پنجاب ویژن کے تحت رواں سال صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 21 ہزار 824 ملزمان کو گرفتار اور 21 ہزار 712 مقدمات درج کیے گئے۔

لاہور۔9جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ڈرگ فری پنجاب ویژن کے تحت رواں سال صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 21 ہزار 824 ملزمان کو گرفتار اور 21 ہزار 712 مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 11 ہزار 626 کلوگرام چرس، 1166 کلوگرام ہیروئن، 687 کلوگرام آئس، 536 کلوگرام افیون اور 3 لاکھ 45 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔ترجمان کے مطابق لاہور میں رواں سال 2866 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 2775 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 1027 کلوگرام چرس، 82 کلوگرام ہیروئن، 256 کلوگرام آئس، 29 کلوگرام افیون اور 14 ہزار 847 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے اور منشیات کی آن لائن خریدو فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا۔