لاہور۔8جنوری (اے پی پی):سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پرمحکمہ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الہی کی زیرقیادت صوبہ میں جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ کیلئے مو ثر فیلڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنا رہا ہے ۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن نے موثر فیلڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنا کر وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب 14شکاریوں کو سوا دو لاکھ روپے جرمانہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن احسان احمد راجہ کی صدر دفتر کو بھیجی گئی فیلڈ مانیٹرنگ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریجن نے اتوار کے دن تیتر کے قانونی شکار کیلئے 58 پرمٹس جاری کئے اورہنٹنگ ریگولیٹ کرنے کیلئے کڑی اور موثر فیلڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنا یا گیا جس کے نتیجے میں وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب 14 شکاریوں کو مبلغ دو لاکھ پندرہ ہزار پانچ سو روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ ریجن کی اس فعال اور موثر مانیٹرنگ میں وائلڈ لائف سٹاف ضلع راولپنڈی کا کردار انتہائی نمایاں رہا جنہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف رضوانہ عزیز کی سربراہی میں محض ایک ہی دن متعدد پے در پے کامیاب کارروائیاں کرکے ناجائز شکار و قبضہ تیتر کے نو اور خرگوش کاغیر قانونی شکار ہونے کی پاداش میں تین شکاریوں کو مبلغ ایک لاکھ پچانوے ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیاجو کہ لائق تحسین ہے۔