لاہور۔30اکتوبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ لاہوریوں نے عمران فتنے کا لانگ مارچ مسترد کر دیا، عمران خان کے فتنہ فساد کا پاکستان کی سیاست میں کوئی کردار نہیں ، لانگ مارچ ناکام ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی قیادت آپس میں لڑ رہی ہے، عمران خان کی بھول ہے کہ وہ فتنہ فساد کر کے اپنی مرضی کے فیصلے کروا سکیں گے، پی ٹی آئی کا ماضی کا ریکارڈ اچھا نہیں اس لئے لانگ مارچ پر نظر رکھنا ضروری ہے، پنجاب (ن) لیگ کا گڑھ تھا ،گڑھ ہے اور رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اتوار کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں عمران خان کی مزید کوئی گنجائش نہیں ہے، عمران خان لانگ مارچ میں شرکت کیلئے کارکنوں سے کبھی حلف لیتے ہیں اور کبھی اپیل کرتے ہیں، عمران نیازی اور بھارت ایک پیج پر ہیں، بھارت چاہتا ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئے، عمران خان کی بھول ہے کہ وہ ملک میں دنگا فساد اور انتشار پھیلا کر اپنی مرضی کے فیصلے کروا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں شاہدرہ کی عوام کی بڑی مشکور ہوں کہ انہوں نے عمران خان کو اس کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے، شاہدرہ اور پنجاب محمد نوازشریف اور وزیر اعظم محمد شہبازشریف کا گڑھ تھا ،گڑھ ہے اور رہے گا، لانگ مارچ کی ناکامی پی ٹی آئی کی قیادت ایک دوسرے پر ڈال رہی ہے، لانگ مارچ میں دس لاکھ بندے لانے کا اعلان کرنے والی پی ٹی آئی دس ہزار بھی نہیں لا سکی، عمران خان نے اعجاز الحق کے بیان کے حوالے سے جو تقریر کی ہے وہ بے بنیاد کیونکہ اعجاز الحق اپنا اس حوالے سے بیان واپس لے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان ملک میں فتنہ فساد پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف وزیر اعظم محمد شہبازشریف سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور سی پیک کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کا ویژن لنگر خانے کھولنا اور کٹے مرغیاں پالنا تھا جبکہ محمد شہبازشریف کا ویژن ملک میں سی پیک کی بحالی اور سعودی عرب سے آئل ریفائنری لانا ہے، عمران خان اپنے ملک کی فوج کو بدنام کر رہا ہے اور انڈیا کے ایجنڈے کو پورا کر رہا ہے،
عمران خان اور بھارت ایک پیج پر ہیں ، بھارت چاہتا ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا غیر آئینی طریقے سے اقتدار میں آنے کا وقت ختم ہو چکا ہے اور اب پاکستان کی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے، پاکستان میں تمام مسائل کا حل جمہوریت میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات کروڑوں کی دکان پکوڑوں کی ،لانگ مارچ میں دس لاکھ لوگوں کا دعوی کرنیوالی پی ٹی آئی دس ہزار بھی لانے میں ناکام رہی، اتنے لوگ تو ایک مداری گر بھی اپنے تماشے سے اکٹھا کر لیتا ہے،کیمرے کی آنکھ لانگ مارچ کی سچائی کو دکھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی تمام لیڈر شپ کے بچے لانگ مارچ میں کیوں حصہ نہیں لے رہے ان کے اپنے بچے باہر کے ملکوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، فیصل واڈا کے بیان کے مطابق خونی لانگ مارچ میں دنگا فساد ہو گا، لاشیں گریں گی، یہ ہم ہونے نہیں دیں گے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی ایک طرف آرمی چیف کی تعریف کر رہے ہیں جبکہ انہیں یہ دکھائی نہیں دے رہا کہ ان کا لیڈر عمران خان فوج کے خلاف بیان بازی کر رہا ہے اور اسے بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، عمران خان کے اس رویئے سے ہمارا ہمسایہ دشمن ملک شادیانے بجا رہا اور خوشیاں منا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ پاکستان کو آگے لے جانیوالوں کے ساتھ ہے یا پاکستان کو پیچھے دھکیلنے والوں کے ساتھ ہے، عمران خان کو لاشوں پر سیاست کرنے کی پرانی عادت ہے، انہوں نے ارشد شریف کی لاش کو بھی کیش کرانے کی کوشش کی، ابھی ارشد شریف کی تدفین نہیں کی گئی تھی کہ عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔ ۔حمزہ شہباز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پریس کانفرنس کرنا حمزہ شہباز کا کام نہیں ہے یہ میرا کام ہے، ان کے ذمہ جو کام ہے وہ بڑی ذمہ داری سے پورا کر رہے ہیں۔