وزیر اعظم کیش ریلیف کے تحت سیلاب سے متاثرہ 27 لاکھ خاندانوں میں 70 ارب روپےتقسیم

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وزیر اعظم کیش ریلیف کے تحت 27 لاکھ خاندانوں میں 70 ارب روپےتقسیم ہوچکے ہیں۔ اتوار کوایک سرکاری ذرائع نےبتایا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک سیلاب سے متاثرہ 2,669,786 خاندانوں میں کل 66,744,650,000 روپے تقسیم کیےگئے ہیں جو کہ کل تقسیم کا 97 فیصد سے زیادہ ہے۔

بی آئی ایس پی بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 25,000 روپے فی خاندان کی مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔ بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ 216,416 خاندانوں کو مجموعی طور پر5,410,400,000 روپے مل چکے ہیں۔

جبکہ سندھ کے 1,822,816 متاثرہ خاندانوں کو570,400,000 روپے مل چکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں کل 303,524 خاندانوں کو 7,588,100,000 روپے موصول ہوئے ہیں۔ جبکہ پنجاب کے 326,562 خاندانوں کو 8,164,050,000 روپے دیئے گئے۔ گلگت بلتستان میں بھی سیلاب سے متاثرہ 468 خاندانوں کو 11,700,000 روپے کی امداد دی گئی ۔آسانی سے ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔