تھرپارکر اور گوادر کے اضلاع میں تیز رفتار انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کیلئے دو منصوبے شروع کئے ہیں،وفاقی وزیر سید امین الحق

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی و ٹیلی کام)سید امین الحق

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے تھرپارکر اور گوادر کے اضلاع میں موبائل اور تیز رفتار انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کیلئے ایک ارب روپے کےمزید دو منصوبے شروع کیے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کے لیے بغیر کسی امتیاز کے براڈ بینڈ، او ایف سی اور دیگر کنیکٹیویٹی پروجیکٹس کو مسلسل جاری کر رہے ہیں، تھرپارکر ضلع کے لیے 870 ملین روپے کا منصوبہ 18 ماہ میں مکمل کیا جائے گا اور 10,432 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلے مختلف غیر محفوظ دیہاتوں کے 72,000 سے زائد رہائشیوں کو موبائل اور براڈ بینڈ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔سید امین الحق نے کہا کہ بلوچستان کے گوادر کے 19 دیہات میں 15000 سے زائد لوگوں کے لیے 188.1 ملین روپے کی لاگت سے براڈ بینڈ پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان اور سندھ کے دور دراز علاقوں کے مکینوں کو نہ صرف ڈیجیٹل دنیا سے جڑنے کا موقع ملے گا بلکہ وہ اپنے روزمرہ کے معمولات میں بھی سہولتیں تلاش کر سکیں گے۔

انہوں نے یو ایس ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، اس کے چیئرمین ایڈیشنل سیکرٹری محسن مشتاق چاندنا اور سی ای او حارث محمود چوہدری کو ان منصوبوں کے آغاز پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ یو ایس ایف کو توسیع دینے والے کنیکٹیویٹی نیٹ ورک کے تحت ملک کے براڈ بینڈ خدمات کی فراہمی کے منصوبوں کے ساتھ یو ایس ایف کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس ایم اے ایشیا پیسفک اور آئی ٹی یو نے اس سلسلے میں یو ایس ایف کے ڈھانچے اور منصوبے کے طریقہ کار کی تعریف کی ہے۔