لاہور۔15اگست (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی )نے لاہور اور ملتان میں سائبر مالی فراڈ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔این سی سی آئی اے لاہور کے مطابق لاہور میں گرفتار ملزم حیدر علی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کے واٹس ایپ اکائونٹس ہیک کیے اور ان کے رابطوں سے رقم طلب کی۔ ایک متاثرہ شخص کی جانب …
لاہور اور ملتان میں سائبر مالی فراڈ کے خلاف کارروائیاں ،7 ملزمان گرفتار
لاہور۔15اگست (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی )نے لاہور اور ملتان میں سائبر مالی فراڈ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔این سی سی آئی اے لاہور کے مطابق لاہور میں گرفتار ملزم حیدر علی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کے واٹس ایپ اکائونٹس ہیک کیے اور ان کے رابطوں سے رقم طلب کی۔
ایک متاثرہ شخص کی جانب سے27 لاکھ 70 ہزار روپے حیدر علی کے اکائونٹ میں منتقل کیے گئے، جس کے بعد رقم مختلف اکائونٹس میں منتقل اور نکلوائی گئی۔ ملزم کے قبضے سے موبائل فون بھی برآمد ہوا، جس میں واٹس ایپ پیغامات، اکائونٹس، ٹرانزیکشن سلپس، شناختی دستاویزات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد موجود تھے۔ ملتان میں گرفتار ایک ملزم محمد عمران شاہد نے شہری کے کزن کا روپ دھار کر واٹس ایپ اور فون کالز کے ذریعے رابطہ کیا اور ویزا ایکسٹینشن و ویزا فیس کے نام پر 5 لاکھ80 ہزار روپے وصول کیے۔
دوسری کارروائی میں 5 ملزمان کو جعلی انسٹاگرام اور سنیپ چیٹ اکائونٹس کے ذریعے خواتین سے دوستی اور شادی کا جھانسہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان جعلی تحائف اور پارسلز کی رسیدیں بھیج کر ٹیکس و کسٹمز چارجز کے نام پر رقم وصول کرتے تھے۔کارروائیوں کے دوران موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے مالی لین دین، کال ڈیٹا اور ڈیجیٹل ریکارڈ کی جانچ جاری ہے جبکہ تفتیش کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں۔









