معرکہ حق آزادی کپ ٹین پن بولنگ چیمپئن شپ میں دانیال اعجاز کی پہلی پوزیشن

معرکہ حق آزادی کپ ٹین پن بولنگ چیمپئن شپ 2026 کے سنگلز فائنل میں دانیال اعجاز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی، یہ مقابلہ لیشر سٹی بولنگ کلب، صفا گولڈ مال اسلام آباد میں منعقد ہوا۔​چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں امریکی ناظم الامور نتالیہ بیکر نے بطور مہمانِ خصوصی جبکہ افنان مشعل نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی جبکہ تقریب میں قومی اور …

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):معرکہ حق آزادی کپ ٹین پن بولنگ چیمپئن شپ 2026 کے سنگلز فائنل میں دانیال اعجاز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی، یہ مقابلہ لیشر سٹی بولنگ کلب، صفا گولڈ مال اسلام آباد میں منعقد ہوا۔​چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں امریکی ناظم الامور نتالیہ بیکر نے بطور مہمانِ خصوصی جبکہ افنان مشعل نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی جبکہ تقریب میں قومی اور بین الاقوامی شخصیات نے شرکت کی۔

​دانیال اعجاز نے تینوں گیمز میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے مجموعی طور پر 518 پوائنٹس (اوسط 172.67) کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ دیگر پوزیشنز پر سخت مقابلہ رہاجس میں ​فہیم 514 پوائنٹس (اوسط 171.33) کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور رنر اپ کی ٹرافی حاصل کی۔​ذیشان نے 513 پوائنٹس (اوسط 171.00) حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔​اس موقع پر پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ٹین پن بولنگ کے کھیل میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تکنیکی مہارتوں کا تبادلہ،سہولیات کی بہتری اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

​اس موقع پر امریکی ناظم الامور نتالیہ بیکر نے بہترین چیمپئن شپ کے انعقاد پر صدر پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کومبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان میں ٹین پن بولنگ کے فروغ اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کھیل دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بہترین ذریعہ ہیں۔​تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نتالیہ بیکر اور مہمانِ اعزاز افنان مشعل نےکامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ سپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دے کر پاکستان میں بولنگ کے کھیل کو عالمی سطح پر نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔

 

مزید خبریں