اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے ساتھ اپنے فرنچائز معاہدے میں مزید دس سال کی توسیع کر دی ، یہ معاہدہ عالمی شہرت یافتہ ادارے ای وائی کی ویلیوایشن کے بعد تجدید کیا گیا جسے پی ایس ایل اور لاہور قلندرز کے درمیان اعتماد اور مضبوط شراکت داری کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے …
لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے ساتھ فرنچائز معاہدے میں 10 سال کی توسیع کر دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے ساتھ اپنے فرنچائز معاہدے میں مزید دس سال کی توسیع کر دی ، یہ معاہدہ عالمی شہرت یافتہ ادارے ای وائی کی ویلیوایشن کے بعد تجدید کیا گیا جسے پی ایس ایل اور لاہور قلندرز کے درمیان اعتماد اور مضبوط شراکت داری کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اس موقعے پر کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے معاہدے کی تجدید پی ایس ایل پر ان کے بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلندرز کے مالکان نے اپنی فرنچائز کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط برانڈ میں تبدیل کر دیا ہے جو لیگ کی مجموعی ساکھ اور مارکیٹ ویلیو کے لیے انتہائی اہم ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے بتایا کہ پی ایس ایل آئندہ سال اپنے 11ویں ایڈیشن سے آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہو جائے گی جس سے لیگ کے دائرہ کار اور مسابقت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے لاہور قلندرز کے جذبے اور توانائی کو پی ایس ایل کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ قلندرز کی ٹیلنٹ نرسری نے پاکستان کرکٹ کو نیا خون فراہم کیا ہے جو مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے بھی قیمتی اثاثہ ثابت ہوگا۔لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں گزشتہ چار برسوں کے دوران تین ٹائٹلز اپنے نام کر کے ایک شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے جو ٹیم کی کارکردگی، منصوبہ بندی اور کھلاڑیوں کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پی سی بی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ مضبوط اور طویل المدتی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا
تاکہ پاکستان کرکٹ اور پی ایس ایل کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔معاہدے کی یہ توسیع نہ صرف لاہور قلندرز بلکہ پی ایس ایل کے مستقبل کے لیے بھی ایک مثبت قدم تصور کی جا رہی ہے جو لیگ کی ترقی اور استحکام کی ضمانت بنے گا۔








