لاہور قلندرز نے ایکسن موبل گلوبل سپر لیگ کے لیے اپنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مائیکل بریسویل کریں گے۔
لاہور قلندرز کاسپر لیگ کے لیے اپنی اسکواڈ کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔13جولائی (اے پی پی):لاہور قلندرز نے ایکسن موبل گلوبل سپر لیگ کے لیے اپنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت نیوزی لینڈ کے آل رائونڈر مائیکل بریسویل کریں گے۔
یہ ٹورنامنٹ23 جولائی سے یکم اگست2026 تک گیانا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دنیا بھر کی صفِ اول کی فرنچائز ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ لاہور قلندرز نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو گلوبل سپر لیگ مہم کے لیے ہیڈ کوچ بھی مقرر کر دیا ہے۔ شان ٹیٹ اپنی تیز رفتار بولنگ، بین الاقوامی تجربے اور جدید کوچنگ مہارت کے باعث ٹیم کے لیے اہم اضافہ سمجھے جا رہے ہیں۔لاہور قلندرز کے مالک اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے پریس کانفرنس میں شان ٹیٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لاہور قلندرز خاندان میں شامل ہونے پر خوشی ہے۔ ان کے مطابق شان ٹیٹ کا عالمی معیار کا تجربہ اور کامیاب سوچ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور ان کی موجودگی ٹیم کی گلوبل سپر لیگ مہم کو مضبوط بنائے گی۔ ٹیم ڈائریکٹر اور شریک مالک ثمین رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ایسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا ہے جو پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ ان کے مطابق اس بین الاقوامی لیگ میں شرکت سے کھلاڑیوں کو مختلف کنڈیشنز، مضبوط حریفوں اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ملے گا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ ٹیم میں ٹورنامنٹ جیتنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ لاہور قلندرز اپنے ٹورنامنٹ کا آغاز 23 جولائی کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف کریں گے، جبکہ24 جولائی کو ڈیزرٹ وائپرز کا سامنا ہوگا۔ ٹیم اپنا تیسرا میچ26 جولائی کو میزبان گیانا ایمیزون واریئرز کے خلاف کھیلے گی، جبکہ29 جولائی کو سان فرانسسکو یونیکورنز کے مدمقابل آئے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل یکم اگست2026 کو کھیلا جائے گا۔گلوبل سپر لیگ2026 کے لیے لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں مائیکل بریسویل (نیوزی لینڈ)، پرویز حسین ایمان (بنگلہ دیش)، شیان جہانگیر (امریکا)، ڈیلانو پوٹگیٹر (جنوبی افریقہ)، عبداللہ شفیق، اسامہ میر، شمیل حسین، محمد نعیم، عمران رندھاوا، مہران ممتاز، فرحان یوسف، شہاب خان، محمد باسط اور علی شبیر شامل ہیں۔







