لاہور میں سائبر بلیک میلنگ، فیصل آباد و ملتان میں ہراسگی، 6 ملزمان گرفتار

ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب حسام بن اقبال کی خصوصی ہدایات پر سائبر ہراسگی، بلیک میلنگ اور دھمکیوں کے خلاف پنجاب میں کارروائیاں تیز کردی گئیں، این سی سی آئی اے نے لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب حسام بن اقبال کی خصوصی ہدایات پر سائبر ہراسگی، بلیک میلنگ اور دھمکیوں کے خلاف پنجاب میں کارروائیاں تیز کردی گئیں، این سی سی آئی اے نے لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان این سی سی آئی اے کےمطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے متعدد موبائل فونز اور مبینہ واٹس ایپ اکائونٹس برآمد کیے گئے، جن میں موجود ڈیجیٹل شواہد کو مزید تفتیش کے لیے محفوظ کرلیا گیا۔لاہور میں این سی سی آئی اے نے ایک خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اس کے سابق شوہر افتخار کو گرفتار کیا۔ ملزم پر سابق اہلیہ کو ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے اور نجی تصاویر و ویڈیوز کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔

تکنیکی تجزیے کے دوران واٹس ایپ پر دھمکی آمیز پیغامات اور قابل اعتراض مواد سامنے آیا، جبکہ ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد کیا گیا، جسے فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا۔فیصل آباد میں این سی سی آئی اے نے دو الگ مقدمات میں محمد آصف اور محمد عرفان کو گرفتار کیا۔ ملزمان پر واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے شکایت کنندگان کو قابل اعتراض ڈیٹا کی بنیاد پر ہراساں، دھمکانے اور بلیک میل کرنے کے الزامات ہیں۔ دونوں کارروائیوں میں ایک، ایک موبائل فون اور مبینہ واٹس ایپ نمبرز برآمد کیے گئے۔ملتان میں این سی سی آئی اے نے سائبر ہراسگی کے تین مقدمات میں محمد شعیب، محمد سالار اور احمد علی کو گرفتار کیا۔

ملزمان کے خلاف خواتین کو الیکٹرانک ذرائع سے ہراساں اور ذہنی اذیت دینے کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔ تینوں کارروائیوں میں موبائل فونز قبضے میں لے کر ڈیجیٹل شواہد کا فرانزک جائزہ شروع کردیا گیا ہے۔این سی سی آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر پنجاب حسام بن اقبال کی ہدایات پر سائبر ہراسگی، بلیک میلنگ اور آن لائن دھمکیوں کے خلاف کارروائیاں مزید موثر بنائی جا رہی ہیں، جبکہ تمام مقدمات میں شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔