لاہور۔25جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی طرف سے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے دیا،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر حاضری کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم قرار دے دیا۔
جمعرات کو جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوار الحق پنوں کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔قبل ازیں عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کچھ دیر کے لئے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا ۔دو رکنی بینچ نے جمعرات کو بانی پی ٹی آئی کی بارہ مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالتی حکم پر پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ پیش ہوئے ،بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیئے۔عدالت نے پہلے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا،بعدزاں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی دائر درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔