واشنگٹن۔27جنوری (اے پی پی):وائٹ ہاؤس نے کہا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے میں 18 فروری تک توسیع کر دی گئی ہے کیونکہ اسرائیل علاقے سے اپنی فوج واپس بلانے کی سابقہ ڈیڈ لائن کو پورا نہیں کر سکا ۔ اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس نے گزشتہ روز مختصر بیان میں کہا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ، جس کی امریکا نگرانی کر رہا ہے، 18 فروری 2025 تک نافذ العمل رہے گا۔
وائٹ ہاؤس نے یہ بھی کہا کہ امریکا 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے گرفتار کئے گئے لبنانی قیدیوں کی واپسی کے لیے اسرائیل اور لبنان کے ساتھ بات چیت کرے گا۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق بیان میں واضح طور پر جنگ بندی کا ذکر نہیں کیا گیا، جس پر جنگ بندی کے حوالے سے شبہات بڑھتے جا رہے ہیں اور اتوار کو اسرائیلی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 22 افراد کوشہید کر دیا جن میں6خواتین بھی شامل تھیں۔