اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان میں حملے کے نتیجے میں ایک فرانسیسی امن اہلکار کی ہلاکت اور تین افراد زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے۔
لبنان میں فرانسیسی امن اہلکار کی ہلاکت، اقوام متحدہ کے سربراہ کی مذمت

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔19اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان میں حملے کے نتیجے میں ایک فرانسیسی امن اہلکار کی ہلاکت اور تین افراد زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امن مشن کے اہلکاروں پر حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں کیونکہ یہ بین الاقوامی انسانی قانون اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔
بیان کے مطابق سیکرٹری جنرل نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں، اقوام متحدہ کے عملے کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور اس کے اثاثوں اور نقل و حرکت کے احترام کو برقرار رکھیں۔اقوام متحدہ کے ابتدائی جائزے کے مطابق امن اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ ایک ایسے مقام کی تحقیقات کر رہے تھے جہاں سڑک پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد نصب ہونے کی اطلاعات تھیں۔ حملے میں غیر ریاستی عناصر کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حالیہ ہفتوں میں یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں امن اہلکار ہلاک ہوئے، حالانکہ 16 اپریل کو 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ نے تمام فریقین سے جنگ بندی کا احترام کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔سیکرٹری جنرل نے جاں بحق اہلکار کے اہل خانہ، دوستوں اور فرانس کی حکومت و عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔








