لنکا پریمیئر لیگ، جافنا کنگز نے کولمبو سٹرائیکرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

137
لنکا پریمیئر لیگ
لنکا پریمیئر لیگ، جافنا کنگز نے کولمبو سٹرائیکرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

پالے کیلی۔8اگست (اے پی پی):لنکا پریمیئر لیگ میں جافنا کنگز نے بابراعظم کی کولمبو سٹرائیکرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، کولمبو سٹرائیکرز کا 147 رنز کا ہدف جافنا کنگز نے 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، دنیتھ ویلالاگے کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ منگل کو پالے کیلی میں کھیلے گئے ایل پی ایل کے 13ویں میچ میں کولمبو سٹرائیکرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 146 رنز بنائے، اوپنرز پاتھم نسانکا 25 بالوں پر 36 اور بابراعظم نے 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

لہیرو اڈارا 29 اور محمد نواز 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ چمیکا کرونارتنے 21 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ جافنا کی طرف سے دلشان مدوشنکا اور دنیتھ ویلالاگے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش تھکشانا، نوان تھوشارا اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جافنا کنگز نے بیٹنگ کرتے ہوئے کولمبو سٹرائیکرز کا 147 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، اوپنرز نشان مدوشنکا 46 اور رحمان اللہ گرباز نے 39 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

کپتان تھیسارا پریرا 17 اور اسالنکا 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ توحید ہریدوئے 14 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ کولمبو کی طرف سے فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاتھی رانا اور سنداکان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس میچ میں فتح کے بعد جافنا کنگز ایل پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے جبکہ کولمبو سٹرائیکرز شکست کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے۔