لوئی ڈریفس کمپنی نے ملتان میں اناج ذخیرہ کرنے کی سہولت قائم کر دی

لوئی ڈریفس کمپنی نے ملتان میں اناج ذخیرہ کرنے کی سہولت قائم کر دی

ملتان۔2ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی پنجاب سلمیٰ بٹ نے بدھ کو ملتان میں اناج ذخیرہ کرنے کی سہولت کا افتتاح کر دیا۔ عالمی زرعی اجناس پراسیسنگ کمپنی لوئی ڈریفس کمپنی ( ایل ڈی سی ) کی طرف سے قائم کی گئی سہولت کے ذریعے جنوبی پنجاب میں تقریباً 40 ہزار میٹرک ٹن اناج ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا اضافہ ہوگا۔ ایل ڈی سی کے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے سربراہ روبنز مارکیز نے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اناج کے لیے ایک اہم مارکیٹ اور جنوبی ایشیا میں کمپنی کے لیے ایک اہم ملک ہے جہاں بڑھتی ہوئی آبادی اور معیشتوں کا انحصار مضبوط اور باہم مربوط زرعی سپلائی چین اور تجارتی روابط پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ سرمایہ کاری، مقامی مارکیٹ میں ہماری موجودگی کے ساتھ ساتھ، خطے میں صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی ہماری صلاحیت کو بھی مضبوط بناتی ہے، جو اپنی بنیادی اجناس کی تجارت سے متعلق صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کی ایل ڈی سی کی عالمی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہے۔

پاکستان میں ایل ڈی سی کے کنٹری ہیڈ، محمد دانیال نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط زرعی بنیاد اور اناج کی بڑھتی ہوئی طلب ہمارے کاروبار کے لیے مسلسل نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ لاجسٹکس میں سرمایہ کاری سے ہم اپنے سپلائرز اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کر سکیں گے، سپلائی چین کو زیادہ مؤثر اور مضبوط بنانے میں معاونت ہوگی اور پاکستان کے اناج کے شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ مقامی روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

پاکستان جنوبی ایشیا کی بڑی زرعی منڈیوں میں شامل ہے اور گندم پیدا کرنے اور استعمال کرنے والے دنیا کے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے ۔ 2010 میں پاکستان میں اپنے قیام کے بعد سے ایل ڈی سی نے ملک میں کپاس، اناج، تیل دار بیج، دالوں، چاول اور چینی کی منڈیوں میں اپنی پوزیشن مستحکم کی ہے۔

مزید خبریں