اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ میں لوک میلہ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے اور یہاں شکرپڑیاں میں ملک بھر سے آئے ہوئے لوک فنکار ثقافت کے رنگ بکھیر رہے ہیں۔شائقین کا کہنا ہے کہ بہت عرصہ بعد ان کو بھرپور میلہ دیکھنے کو ملا ہے۔لوک میلہ میں چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پویلینز بھی بنائے گئے ہیں جبکہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے بھی ایک سٹال لگایا گیا ہے جس میں اپنے بھائیوں کی امداد کے لئے ایک باکس بھی رکھا گیا ہے۔وفاقی وزیر جمال شاہ نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے میلے کا انعقاد کیا ہے۔ لوک میلہ میں سندھ سے تعلق رکھنے والے فنکار اپنے ثقافتی پویلینز میں آنے والوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
شکرپڑیاں میں منعقد ہونے والا 10 روزہ لوک میلہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشیوں کو ایک جگہ پر پاکستان کے فن اور ثقافت سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ میلے کو ایک جمالیاتی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں سندھ پویلین دکھائی دے گا جس میں صوفیاء کی سرزمین کی بھرپور ثقافت کو دکھایا گیا ہے۔ سندھی لوک دستکاریوں کی مشہور دستکاری جیسے لیکرآرٹ، فارسی بُنائی (فرش کا قالین)، مٹی کے برتن سندھی کڑھائی، اجرک بلاک پرنٹنگ، ریلی ، ٹائی ڈائی، کھیس بُننا، لکڑی کا کام اور کئی دیگر شامل ہیں جن کو یہاں خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے۔
ہنرمندوں میں نمایاں خان چند ہیں جو سندھی جوتی بنانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کی عمر 68 سال ہے اور 43 سال کا مستقل تجربہ ہے۔ انہوں نے اپنے والد سے یہ ہنر سیکھا جو ایک ماہر ہندمندتھے۔وہ شاندار سندھی جوتے بناتے ہیں جو پورے سندھ میں مشہور ہیں۔ وہ اس خوبصورت دستکاری کو بنانے کے لیے خالص چمڑے، کپاس اور ریشم کا استعمال کرتے ہیں جس کی مثال صوبے میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے اپنے آبائی شہر میں متعدد طلباء کی تربیت کی ہے۔ وہ گزشتہ 36 سالوں سے لوک میلہ سمیت مقامی اور وفاقی سطح پر منعقد ہونے والے مختلف تہواروں اور نمائشوں میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔
جن خوتین ہنرمندوں کو اپنی کاریگری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیکھا گیا ان میں نادیہ، گل خاتون اور بادشاہزادی ریلی سازی میں، انیلہ چنہ اور غلام محمد کھیس اور لنگی بننے میں شامل ہیں۔ راہیبہ کھجور کے پتوں کے کام میں، فقیر محمد مٹی کے برتن بنانے میں، فدا حسین اور غلام نبی اجرک بنانے میں۔سندھ پویلین کے وسط میں ایک سٹیج بنایا گیا ہے جس میں سندھ سے تعلق رکھنے والے نامور لوک گلوکار فرح ناز اور شوکت ہر روز لوک میلے کے دوران مہمانوں کو محظوظ کرتے ہیں۔سندھ پویلین نے 10 نومبر کو لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں ثقافتی محفلِ موسیقی کا انعقاد کیا جس میں سندھ کے نامور فنکاروں نے شرکت کی اور خوب داد وصول کی۔ یہ میلہ 12 نومبر تک جاری رہے گا۔